حالات کا مقابلہ ، سیرت رسولؐ کی اتباع کے بغیر ناممکن

   

جمعیتہ العلماء ضلع نرمل کے زیر اہتمام جلسہ ، مولانا محمد سلمان بجنوری ودیگر کا خطاب

نرمل /2 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جمعیتہ علماء ضلع نرمل کے زیرِ اہتمام جامع مسجد نرمل میں ملک کے موجودہ حالات اور سیرت کا پیغام کے عنوان پر اجلاسِ عام مفتی سید کلیم الدین قاسمی صدر جمعیتہ علماء ضلع نرمل کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ شرکاء نے مہمانِ خصوصی حضرت مولانا محمد سلمان بجنوری کا والہانہ استقبال کیا، اور صراطِ مستقیم سوسائٹی اور جمعیتہ علماء کے اشتراک سے مہمانِ مکرم کی خدمت میں اعترافِ خدمات کے طور پر مفتی احسان شاہ قاسمی ناظم مدرسہ فیضِ سعید نرمل کا تحریر کردہ سپاس نامہ پیش کیا گیا۔ اجلاس سے مولانا محمد سلمان بجنوری نقشبندی استاذ حدیث دارالعلوم دیوبند وخلیفہ حضرت پیر ذوالفقار احمد نقشبندی مجددی نے کہا کہ ملکِ ہندوستان کے موجودہ ناگفتہ بہ حالات مسلمانوں کے اعمالِ بد کی نحوست کا اثر ہیں، ان حالات کا مقابلہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کی اتباع کے بغیر ناممکن ہے، مولانا نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہمیں دشمنانِ اسلام سے ناانصافی کا تو شکوہ ہے لیکن ہماری انفرادی، اجتماعی، اور معاشرتی زندگیاں خود اپنی جانب سے ناانصافیوں اور حق تلفیوں سے دوچار ہیں، ایمانی غیرت
ختم ہوتی جارہی ہے ۔ ضرورت ہے کہ انتہائی سنجیدگی کے ساتھ ہر فرد اپنی اصلاح کی فکر کرے اور اپنے رب سے اپنا تعلق استوار کرے۔ واضح رہے کہ اس اجلاس سے مولانا مظہر قاسمی نقشبندی کورٹلہ نے بھی خطاب کرتے ہوئے سیرتِ رسول اور عظمتِ رسول کو اجاگر کیا، اس اجلاس کا آغاز مولانا رافع القرآن کی تلاوت سے ہوا ، ہدیہ نعت ڈاکٹر واصف قمر نے پیش کیا جبکہ نظامت کے فرائض مفتی عبدالعلیم فیصل قاسمی جنرل سیکرٹری جمعیتہ علماء ضلع نرمل نے بحسن وخوبی انجام دئے اور مفتی ریاض الدین انصاری ،مفتی ندیم علی قاسمی، مفتی عرفان اشاعتی، مولانا مبین قاسمی، مفتی عبدالحکیم قاسمی مولوی انور حسین، رشیدعالم الحفیظی نے انتظامات میں شریک رہے ۔ قاری عبدالحفیظ، جبکہ مولانا امجد بھینسہ، مفتی کلیم قاسمی مدہول مولوی ارشد خانہ پور وغیرہ نے عوام الناس کوکثیر تعداد میں شرکت کی دعوت دینے میں اہم کردار ادا کیا۔