سابق ایم پی رگھوپتی پارٹی سے خارج ، حجاب کیلئے جدوجہد کرنے والی طالبہ نے طنز کیا
اڈوپی (کرناٹک) : تعلیمی ادارہ میں حجاب پر امتناع کے خلاف کرناٹک کے اڈوپی میں احتجاج کرنے والی نڈر عالیہ اسعدی نے آج سابق بی جے پی ایم پی رگھوپتی بھٹ پر طنز کیا جسے پارٹی نے خارج کردیا ہے۔ عالیہ نے کہاکہ اللہ کو جو کرنا ہے وہ ہوکر رہتا ہے۔ طالبہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر اپنے ساتھ پیش آئے واقعہ کی یاد تازہ کرتے ہوئے لکھا کہ جب اُنھیں کالج سے نکال دیا گیا تو تمہیں (رگھوپتی) پارٹی میں درجہ حاصل ہوا تھا۔ آج میں قانون کی طالبہ ہوں اور تمہیں پارٹی نے خارج کردیا ہے۔ میرے سالانہ امتحانات کے لئے محض 2 ماہ تھے کہ مجھے حجاب کے بہانے کالج سے نکلوادیا گیا لیکن آج مجھے بھی یہ تبدیلی دیکھنے کا موقع مل رہا ہے جو بی جے پی نے اپنے سابق ایم پی کے ساتھ کی ہے۔ اڈوپی سے تین مرتبہ کے ایم ایل اے اور پھر پارٹی کے رکن پارلیمنٹ رہنے والے رگھوپتی کو پارٹی کے خلاف بغاوت کے نتیجے میں خارج کیا گیا ہے۔ 2022 ء میں بی جے پی حکمرانی والے کرناٹک میں تعلیمی اداروں میں حجاب کے خلاف مہم چلائی گئی جس پر طالبات بالخصوص عالیہ اسعدی نے بہت مزاحمت کی۔