نئی دہلی: حج بیت اللہ 2023 کی ادائیگی کے لیے ہندوستان کے سب سے بڑے حج ایمبارکیشن پوائنٹ اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والے حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ 3جولائی 2023 سے شروع ہوگیا۔ دہلی اسٹیٹ کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی کی جانب سے فراہم اطلاع کے مطابق صبح دس بجکر پچیس منٹ پر سعودی ایئرلائنس کی پہلی فلائٹ نمبرSV-3757 سے 399 حجاج کرام کی وطن واپسی عمل میں آئی، جبکہ 3جولائی کو چار فلائٹس کے ذریعے کل 1573حجاج کرام وطن عزیز کو واپس ہوئے۔ اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئر پرسن کوثر جہاں، ایگزکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی اور دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دیگر اسٹاف نے پہلی فلائٹ سے آنے والے حجاج کرام کو پھول پیش کرکے والہانہ استقبال کیا۔چیئر پرسن کوثر جہاں نے دہلی واپس لوٹنے والے حجاج کرام سے ذاتی طور پر ملاقات کرتے ہوئے دوران حج مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں قیام کے دوران پیش آنے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس درمیان حجاج کرام نے اپنی پرامن وطن واپسی پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے اپنے اطمینان و سکون کا اظہار کیا اور اپنے تجربات و احساسات چیئر پرسن کوثر جہاں سے بیان کیے۔واضح ہو کہ حج بیت اللہ 2023 کے لیے دہلی سے روانہ ہونے والے 19399 حجاج کرام کی فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد وطن عزیز واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جو 21 جولائی تک جاری رہے گا۔ اس درمیان دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے ان حاجیوں کے لیے جو اپنے گھروں کو دہلی میں عارضی قیام کے بعد لوٹنے کا ارادہ رکھتے ہوں، حج منزل میں ان کے عارضی قیام کا بندوبست بھی کیا ہے۔ ایسے حجاج کرام کو دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے فراہم کی گئی بسیں براہ راست اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حج منزل تک لے کر آئیں گی۔