ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کابینہ کے اجلاس کی صدارت کے دوران عازمین حج اور عمرہ کے لئے موجود سہولیات کا جائزہ لیا۔سعودی فرمانروا نے جدہ کے السلام محل میں ہونے والے اجلاس میں سعودی عرب کے حصے میں مسجد حرام اور مسجد نبوی کے مہمانوں کی میزبانی کو اللہ کی نعمت شمار کرتے ہوئے بتایا کہ مملکت کے قیام سے اب تک عازمین حج و عمرہ کی خدمت اولین ترجیح رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔اس موقع پر خادم حرمین نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی کہ حج 1443 ہجری کے تمام معاملات کو بخوبی انجام دیا جائے اور عازمین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔کابینہ اجلاس میں خارجی امور سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی جس میں ابلاغ کے قائم مقام وزیر ڈاکٹر ماجد نے ولی عہد کے دورہ مصر، اردن اور ترکیہ کے نتائج پر بریفنگ شامل تھی۔اس کے علاوہ کابینہ اجلاس میں سعودی عرب کے داخلی امور جن میں ماحولیات کے حوالے سے سعودی گرین انیشی ایٹو اور مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹو کو بھی زیر بحث لایا گیا۔