مکہ مکرمہ: سعودی محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ ’عازمین حج کے خیموں میں مختلف قسم اور سائز کے گیس سلنڈر لے جانے پر پابندی ہے۔ عملدرآمد پیر 19 جون 2023 سے ہوگیا‘۔ اخبار 24 کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے بیان میں کہا کہ ’منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں سرکاری اداروں کو بھی کل سے کسی بھی سائز اور قسم کے گیس سیلنڈر رکھنے کی ممانعت ہے‘۔ محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ ’یہ پابندی حج ایام کے دوران خیموں کو ممکنہ آتشزدگی کے خطرات سے بچانے کیلئے لگائی گئی ہے‘۔ محکمہ شہری دفاع نے متنبہ کیا کہ ’حجاج کے خیموں یا سرکاری اداروں میں جہاں بھی کوئی گیس سلنڈر نظر آئے گا اسے ضبط کرلیا جائے گا‘۔ شہری دفاع کی ٹیمیں اس پابندی کو یقینی بنانے کیلئے تفتیشی مہم چلائیں گی۔ منیٰ، مزدلفہ اورعرفات کہیں بھی گیس سلنڈر استعمال نہیں کرنے دیا جائے گا۔