حج پر آنے والے مسلم قائدین کے اعزاز میں استقبالیہ

   

حکومت سعودی عرب کی جانب سے استقبالیہ کا اہتمام مملکت کی قدیم روایت

ریاض۔ کے این واصف:حج کے اختتام پر مسلم رہنماؤں کے اعزاز مین ایک استقبالیہ کا اہتمام مملکت کی قدیم روایت ہے۔ امسال بھی خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے جمعرات کو منٰی پیلس میں اس سال حج پر آنے والے مسلم رہنماؤں اور اعلی عہدیداروں اور مذہبی شخصیات کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا۔سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق تقریب کے آغاز سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے حج پر آنے والے ملائیشیا کے شاہ عبدالرحمان، پاکستان کے صدر عارف علوی، بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین، مالدیپ کے صدر ابراھیم محمد سوہنی اور صدر سینیگال سے مصافحہ کیا۔ اس موقع پر دیگر ممالک کے اعلی عہدیدار اور ارکان پارلیمنٹ و اسپیکرز نے تقریب میں شرکت کی اور ولی عہد سے مصافحہ کیا۔باقاعدہ تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا جس کے بعد ولی عہد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے حج پر آنے والے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں اور حج و عید الاضحی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں‘۔سعودی ولی عہد نے کہا کہ ’مملکت سعودی عرب اپنے قیام کے روز اول سے لے کر آج تک حرمین شریفین کے مہمانوں کی خدمت اور دیکھ بھال کو اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہے‘۔