نسک پلیٹ فارم سے استفادہ کرنے104 ممالک کے عازمین کو سہولت
ریاض: سعودی عرب میں وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ 104 ممالک کیلئے نسک پلیٹ فارم کے ذریعہ ڈائریکٹ حج پیکیجز کی رجسٹریشن کا آغاز کل بروز اتوار سے ہوجائے گا۔میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج وعمرہ کی جانب سے 104 ممالک کے شہریوں کیلئے نسک پلیٹ فارم کے ذریعے براہ راست حج پیکجز بک کرنے کی سہولت فراہم کردی گئی ہے ۔وزارت کے مطابق جو ممالک اس زمرہ میں شامل ہیں ان سے آنے والے عازمین کو حج پیکیج میں تمام خدمات فراہم کی جاتی ہیں جن میں فلائٹ بکنگ کے علاوہ دیگر تمام سروسز شامل ہیں۔براہ راست حج پیکیج کی بکنگ کرانے والوں کو اپنی مرضی کے مطابق فلائٹ کا انتخاب کرنے کا اختیار ہوگا، اس کے علاوہ وہ اپنے اہل خانہ کے لیے بھی پیکیج حاصل کرسکتے ہیں۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے مقامی عازمین کیلئے بھی حج 1446 ھ کیلئے رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے ۔وزارت حج و عمرہ نے مقامی عازمین بشمول شہریوں اور رہائشیوں کے لیے حج 1446 ھ رجسٹریشن کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے درخواست گزاروں سے کہا ہے کہ وہ اپنی درخواستیں نسک ایپ یا سرکاری ای پورٹل کے ذریعے جمع کرائیں۔وزارت نے یہ بھی واضح کیا کہ جن لوگوں نے پہلے حج نہیں کیا ان کو ترجیح دی جائے گی۔۔اندرون مملکت سے اس سال حج کرنے والے خواہشمند ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ میڈیا نے وزارتِ حج وعمرہ کے حوالے سے بتایا کہ سعودی شہری اور مملکت میں مقیم غیرملکی جو اس سال حج کرنے کے خواہش مند ہیں وہ مختلف نوعیت کے پیکیجز حاصل کرنے کے لیے ’نسک‘ ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر بکنگ کر سکتے ہیں۔وزارت حج کا مزید کہنا ہے درخواست گزار پلیٹ فارم پر درست معلومات اپ لوڈ کریں۔ وہ خواتین جو محرم سے استثنیٰ حاصل کرنا چاہتی ہیں انہیں بھی اس کی وضاحت بیان کرنا ہوگی تاکہ انہیں بغیرمحرم کے پرمٹ جاری کیا جا سکے۔واضح رہے داخلی عازمین کے لیے حج پیکیجز پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر بک کیے جاتے ہیں۔قبل ازیں سعودی وزارت حج وعمرہ نے اعلان کیا تھا کہ 104 ممالک کے لیے نسک پلیٹ فارم کے ذریعے ڈائریکٹ حج پیکیجز کی رجسٹریشن کا آغاز اتوار سے کیا جارہا ہے۔ وزارت حج وعمرہ کی جانب سے 104 ممالک کے شہریوں کیلئے نسک پلیٹ فارم کے ذریعہ براہ راست حج پیکجز بک کرنے کی سہولت فراہم کی ہے جو عازمین حج کیلئے بہت بڑی خوشی کی بات ہے۔