بینک اکاؤنٹ میں رقم جمع ہوگی، عنقریب پاسپورٹس کی واپسی، صدرنشین حج کمیٹی کا بیان
حیدرآباد : تلنگانہ حج کمیٹی نے اعلان کیا کہ حکومت سعودی عرب کی جانب سے حج 2020 کی منسوخی کے سبب تلنگانہ کے تمام منتخب عازمین حج کی جمع کردہ رقم ان کے اکاونٹ میں راست طور پر واپس جمع کردی جائے گی۔ اندرون ایک ماہ رقم کی واپسی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا ۔ حج کمیٹی کے صدرنشین محمد مسیح اللہ خاں اور اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر عرفان شریف نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کسی کٹوتی کے بغیر جمع کی گئی مکمل رقم اکاؤنٹ میں واپس کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر عازمین حج کے اکاؤنٹس تبدیل ہوچکے ہیں تو انہیں اس سلسلہ میں ریاستی حج کمیٹی سے رجوع ہونا چاہئے ۔ عازمین کو رقم کی واپسی کیلئے علحدہ کینسلیشن فارم پُر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ عازمین کے پاسپورٹس سنٹرل حج کمیٹی سے حاصل کرتے ہوئے ایک ماہ میں واپس کردیئے جائیں گے ۔ اس سلسلہ میں ریاستی حج کمیٹی عازمین کو ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع دے گی۔ ایسے عازمین جن کا انتقال ہوگیا، ان کے نامزد کردہ افراد بینک کی تفصیلات اور دیگر دستاویزات حج کمیٹی آف انڈیا کو بذریعہ میل روانہ کریں۔ صدرنشین حج کمیٹی نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے مرکزی حکومت سے نمائندگی کی جارہی ہے کہ حج 2020 ء کے منتخب عازمین کو 2021 ء میں قرعہ اندازی کے بغیر حج کیلئے روانہ کیا جائے۔ وزیر داخلہ محمود علی نے اس سلسلہ میں مرکزی وزیر مختار عباس نقوی سے بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے وہاں کی حج سوسائٹیوں سے مدد حاصل کرسکتے ہیں۔