سرکاری ملازمین سے درخواستوں کی طلبی
حیدرآباد ۔ /24 نومبر (پریس نوٹ) جناب محمد مسیح اللہ خان صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے بتایا کہ مرکزی وزارت برائے اقلیتی امور نے حج 2020 ء کیلئے اسسٹنٹ حج آفیسرس اور حج اسسٹنٹ برائے کونسل جنرل جدہ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کیلئے مرکزی و ریاستی حکومتوں ، مرکزی زیرانتظام علاقے ، پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنکس اور خود مختار اداروں کے مستقل ملازمین سے درخواستیں طلب کیا جارہا ہے ۔ اس سلسلہ میں انڈر سکریٹری حکومت ہند جناب محمد ندیم نے اعلامیہ جاری کیا ہے ۔ عارضی نوعیت کی ایک خدمات کیلئے ڈیپوٹیشن پر کونسل جنرل آف انڈیا جدہ سعودی عرب کے تحت مامور کیا جائے گا ۔ حج 2020 ء میں عازمین حج کی خدمات کیلئے اسسٹنٹ حج آفیسرس ، حج اسسٹنٹ اور کوآرڈینیٹرس کا تقرر کیا جائے گا۔ ان عہدوں پر مسلم مرد اور خاتون امیدواروں سے درخواستیں طلب کی ہیں جن کا تعلق پولیس ، پیرا ملٹری فورس اور ڈیفنس فورسیس سے ہو ۔ عارضی اور (پارٹ ٹائم) خدمات انجام دینے والے ملازمین اس کیلئے اہل نہیں ہوں گے ۔ جون 2020 ء تا اگست 2020 ء کے درمیان 2 تا 3 ماہ کیلئے ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا جائے گا ۔ درخواست ویب سائیٹ www.haj.nic.in/deputation پر آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں ۔ درخواستوں کی ہارڈ کاپی انڈ سکریٹری حج 11 ، حج ڈیویژن ، وزارت اقلیتی امور ، سیکٹر 1 ، آر کے پورم نئی دہلی 1100066 پر روانہ کریں ۔ امیدواروں کا انتخاب وزارت اقلیتی امور کی جانب سے انٹرویو کی بنیاد پر کیا جائے گا ۔ جسکی اطلاع اہل امیدواروں کو دی جائے گی ۔ انٹرویو میں شرکت کیلئے ٹی اے، ڈی اے اور کوئی الاونس نہیں دیا جائے گا ۔ تجربہ ، قابلیت اور شخصی انٹرویو کی بنیاد پر انتخاب عمل میں آئے گا ۔ مرکزی حکومت ، پولیس اور پیراملٹری سرویسیس میں خدمات انجام دینے والے افراد یا پبلک ایڈمنسٹریشن میں تجربہ رکھنے والوں کو ترجیح دی جائے گی ۔ امیدواروں کے انتخاب کیلئے وزارت اقلیتی امور کا فیصلہ قطعی ہوگا ۔ آن لائن درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ /20 ڈسمبر مقرر کی گئی ہے جبکہ ہارڈ کاپی /5 جنوری 2020 ء سے قبل وزارت اقلیتی امور کو مل جانی چاہئیے ۔ درخواست گزار کی عمر 30 تا 55 سال کے درمیان ہو ۔ گزشتہ دو برسوں کے حج میں کونسل جنرل ہندوستان برائے جدہ خدمات انجام دینے والے یا اس سے زائد مرتبہ خدمات انجام دینے والوں کی درخواستوں پر غور کیا جائے گا ۔ کوآرڈینیٹر ، حج کیلئے مرکزی حکومت کے ڈپٹی سکریٹری رتبہ کے عہدیدار کاہونا لازمی ہے ۔ جسے کم از کم چار سالہ تجربہ ہو ۔ انڈر سکریٹری پانچ سالہ تجربہ کے ساتھ ہونا چاہیے ۔ اسسٹنٹ حج آفیسرس کیلئے انڈر سکریٹری اور حج اسسٹنٹ کیلئے اسسٹنٹ سیکشن آفیسرس رتبہ کے عہدیداروں کا انتخاب کیا جائے گا ۔ دیگر شرائط و ضوابط مرکزی وزارت اقلیتی امور کے ویب سائٹ سے حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔