تلنگانہ اور آندھراپردیش میں توقع سے کم درخواستیں، آندھراپردیش میں مالی امداد کا کوئی اثر نہیں
حیدرآباد ۔3۔ڈسمبر (سیاست نیوز) حج 2020 ء کے لئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 5 ڈسمبر ہے۔ ملک بھر میں حج درخواستوں کے ادخال کی رفتار انتہائی سست ہے جس کے نتیجہ میں حج کمیٹی آف انڈیا سے ریاستی حج کمیٹیوں نے تاریخ میں توسیع کی درخواست کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ قومی سطح پر تاحال ایک لاکھ 70 ہزار درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد دو لاکھ سے تجاوز کرچکی تھی ۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں درخواستوں کے ادخال کی رفتار انتہائی سست ہے۔ تلنگانہ میں تقریباً 7800 درخواستیں داخل کی گئی ہیں جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 13,000 سے زائد تھی۔ آندھراپردیش میں حکومت کی جانب سے سفر حج کے سلسلہ میں مالی امداد کی فراہمی کے باوجود درخواستوں کے ادخال کی رفتار انتہائی سست ہے۔ اسی دوران صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی نصراللہ خاں نے حج کے خواہشمندوں سے اپیل کی کہ وہ 5 ڈسمبر سے قبل اپنی درخواستیں آن لائین داخل کردیں۔ سنٹرل حج کمیٹی کے ویب سائیٹ پر در خواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ حج ہاؤز نامپلی میں مفت آن لائین سرویس کاؤنٹرس قائم کئے گئے جہاں درخواست گزار ضروری دستاویزات کے ساتھ پہنچ کر درخواست آن لائین کرسکتے ہیں۔ درخواست گزاروں کے پاس مشین سے پڑھا جانے والا پاسپورٹ ہونا چاہئے جو 10 نومبر 2019 سے قبل جاری کردہ ہو اور جس کی مہلت 20 جنوری 2021 ء تک ہونی چاہئے۔ اسی دوران آندھراپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشاہ نے بتایا کہ سالانہ تین لاکھ سے کم آمدنی والے افراد کو 60 ہزار روپئے جبکہ تین لاکھ سے زائد آمدنی رکھنے پر 30,000 روپئے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حج 2020 ء میں آندھراپردیش کے عازمین وجئے واڑہ امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوں گے ۔ یہ پہلا موقع ہے جب آندھراپردیش کے عازمین کی سہولت کیلئے مرکز نے وجئے واڑہ میں امبارگیشن پوائنٹ کی منظوری دی ۔ گزشتہ برسوں میں آندھراپردیش کے عازمین حیدرآباد سے روانہ ہورہے تھے۔