انتظامات پرہنوز کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیاگیا،آپریٹرس سے معاہدہ نہ کرنے سعودی حکام کا مشورہ
حیدرآباد۔یکم اپریل(سیاست نیوز) حج بیت اللہ کے سلسلہ میں حکومت سعودی عرب نے تاحال کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا ہے اور وزارت حج کی جانب سے دنیا بھر کے ممالک کو اس بات کامشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سعودی وزارت حج کے قطعی احکامات کی اجرائی تک حج کے سلسلہ میں کوئی معاہدہ نہ کریں ۔ حج بیت اللہ کے لئے دنیا بھر سے زائد از25لاکھ مسلمان سعودی عرب پہنچتے ہیں اور عام طور پر ماہ شعبان المعظم کے دوران اور ماہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل حج بیت اللہ کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز عمارتوں کا انتخاب و معاہدوں کا عمل شروع ہوجاتا ہے لیکن دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب پیدا شدہ صورتحال اور حرمین شرفین کو بند کرنے کے فیصلہ کے سبب حج بیت اللہ کے سلسلہ میں عوام میں پائے جانے والے خدشات کے متعلق استفسار پر وزارت حج و عمرہ کی جانب سے دنیا بھر کے ممالک کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ حج بیت اللہ کے سلسلہ میں کسی بھی کمپنی یا ہوٹل کے علاوہ کسی اور معاملہ میں کوئی معاہدہ نہ کریں کیونکہ سعودی حکام کی جانب سے اس سلسلہ میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیاگیا ہے اور نہ ہی حج بیت اللہ کی تیاریوں کو منسوخ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت سعودی عرب کی جانب سے حج بیت اللہ کے سلسلہ میں کورونا وائرس کے قہر کو دیکھتے ہوئے نئی پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں شرعی نکتہ نظر کے علاوہ حکومت کے احکام کا انتظار ہے کیونکہ دنیا بھر میں لوگ حج بیت اللہ کی روانگی کے لئے تیاریوں کا آغاز کر رہے ہیں اور جن ممالک سے سرکاری اداروں کے توسط سے عازمین حج سعودی عرب پہنچتے ہیں ان کو ممالک کے ذمہ داروں کو اس بات کا پیغام پہنچا دیا گیا ہے کہ وہ اس سلسلہ میں کسی قسم کی پیشرفت نہ کریں اور نہ ہی کسی سے کوئی معاہدہ کریں۔ دنیا کے مختلف ممالک سے حج کمیٹی کے علاوہ خانگی ٹور آپریٹرس کی جانب سے روانہ ہونے والے عازمین کو بھی اس سلسلہ میں واضح ہدایات دی جاچکی ہیں سعودی عرب کی جانب سے تاحال حج بیت اللہ کے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور ان ہدایات کو دیکھتے ہوئے ہی حکومت ہند نے ہندستانی عازمین حج سے تیسری قسط وصول نہ کرنے کے سلسلہ میں اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں اس بات کی وضاحت کی جا چکی ہے کہ حج کمیٹی نے تیسری قسط وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جن افراد نے تاحال دوسری قسط ادا نہ کی ہے ان کے بقایاجات بھی تیسری قسط کے ساتھ وصول کئے جائیں گے اور حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے تیسری قسط کی ادائیگی کے سلسلہ میں لاک ڈاؤن کے اختتام اور سعودی عرب سے احکام کی وصولی کے بعد ہی آخری تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔