حج 2024 ء کے 8 خادم الحجاج کےانتخاب کیلئے آج قرعہ اندازی

   

حیدرآباد 2 اپریل (سیاست نیوز) حج 2024 ء کے لئے تلنگانہ سے مزید 8 خادم الحجاج کے انتخاب کے لئے قرعہ اندازی کل 3 اپریل کو سہ پہر 3 بجے دفتر حج کمیٹی حج ہاؤز نامپلی میں مقرر ہے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال آئی پی ایس کی نگرانی میں قرعہ اندازی عمل میں آئے گی۔ واضح رہے کہ مرکزی وزارت اقلیتی اُمور نے خادم الحجاج کے سلسلہ میں قواعد میں ترمیم کرتے ہوئے 300 کے بجائے 200 عازمین کے لئے ایک خادم الحجاج کی روانگی کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ کے عازمین حج کی تعداد کے اعتبار سے جملہ 39 خادم الحجاج کی روانگی عمل میں آئے گی۔ ایکزیکٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی شیخ لیاقت حسین نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں 26 خادم الحجاج کی روانگی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ حج کمیٹی اور وقف بورڈ سے فی کس 2 ملازمین کی روانگی کے تحت 4 کا انتخاب عمل میں آیا اور 22 خادم الحجاج قرعہ اندازی کے ذریعہ منتخب کئے گئے تھے۔ 3 خادم الحجاج کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا تھا۔ اُنھوں نے بتایا کہ 39 خادم الحجاج نے 15 فیصد محفوظ زمرہ کے تحت 6 خادم الحجاج وقف بورڈ اور حج کمیٹی سے منتخب کئے جائیں گے۔ ویٹنگ لسٹ کے 3 خادم الحجاج کے بشمول 22 کا انتخاب مکمل ہوچکا ہے۔ محفوظ زمرہ کو چھوڑ کر 8 خادم الحجاج کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب ہوگا۔ حج کمیٹی کو موصولہ درخواستوں میں سے قرعہ اندازی کی جائے گی اور 4 خادم الحجاج کو ویٹنگ لسٹ کے تحت رکھا جائے گا۔ 1