حج 2024 کیلئے آن لائن درخواستوں کے ادخال کا آغاز

   

20 ڈسمبر آخری تاریخ ،70 سال سے زائد عمر والوں کا بغیر قرعہ انتخاب، شیڈول جاری
حیدرآباد۔/5 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2024 کیلئے درخواستوں کی وصولی کا آغاز کردیا ۔ 4 ڈسمبر سے آن لائن درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوگیا اور 20 ڈسمبر آخری تاریخ ہے۔ حج کمیٹی نے حج 2024 کا شیڈول جاری کیا ہے۔ حج کمیٹی کی ویب سائیٹwww.hajcommitee.gov.in پر آن لائن درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ درخواست گذار کا انٹر نیشنل پاسپورٹ ضروری ہے جس کی میعاد 31 جنوری 2025 تک ہونی چاہیئے۔ درخواست فارم پر کوئی فیس نہیں ہوگی۔ عازمین کو مختلف سہولتوں کیلئے ملک بھر میں 25 مراکز قائم کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے گذشتہ سال وی آئی پی کوٹہ ختم کردیا ہے تاہم 70 سال سے زائد عمر کے افراد کا قرعہ کے بغیر انتخاب عمل میں آئے گا۔ حکومت حج اخراجات میں کمی کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ حج پالیسی کے مطابق کمیٹی سے زندگی میں صرف ایک بار سعادت حج حاصل کی جاسکتی ہے۔ خاتون عازمین اور 70 سال سے زائد عمر کے افراد کے ساتھ والے عازمین کو زائد چارجس ادا کرنے ہونگے۔ ایسی درخواستیں جو عبوری منتخب ہونگی انہیں فی کس 300 روپئے پروسیسنگ فیس ادا کرنے ہونگے جو ناقابل واپسی ہونگے۔ 45 سال سے زائد عمر کی خواتین کو 4 خواتین کے گروپ میں بغیر مَحرم حج کی اجازت رہیگی ۔ درخواست گذاروں کو کور ہیڈ کا بینک اکاؤنٹ درج کرنا ہوگا ۔ عازمین کو موبائیل نمبر بھی داخل کرنا ہوگا۔70 سال سے زائد عمر کے عازمین اور بغیر مَحرم کے خواتین کو اوریجنل پاسپورٹ اور ایک فوٹو حج کمیٹی میں جمع کرنے ہونگے۔ درخواست گذاروں کے رہائشی پروف آدھار، بینک پاس بک، ووٹر آئی ڈی، الیکٹریسٹی بل، واٹر بل، ٹیلی فون بل یا گیس کنکشن بل پیش کرنا ہوگا۔ سفری اخراجات کے طور پر دو یا تین اقساط میں رقم لی جائیگی۔ بطور اڈوانس 81500 روپئے ادا کرنے ہونگے ۔ پہلی قسط کے 170000 روپئے جمع کرنے ہونگے ۔ مکہ مکرمہ میں حیدرآبادی رباط میں قیام کا مرحلہ زیر التوا ہے۔ سعودی عرب میں 30 تا 40 دن کا قیام رہے گا۔ عازمین حج کی پروازوں کا 9 مئی سے آغاز ہوگا جو 10 جون تک جاری رہیں گی۔ حجاج کی واپسی کا 20 جون سے آغاز ہوگا اور 21 جولائی کو آخری قافلہ واپس ہوگا۔