حج 2026: مصارف کی ادائیگی کیلئے عازمین کو 6 اپریل تک سہولت

   

حیدرآباد 31 مارچ (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2026ء کے حج مصارف کی تیسری اور آخری قسط کی ادائیگی کے لئے 6 اپریل تک توسیع دی ہے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر سی شاہنواز آئی اے ایس نے ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکولر جاری کرتے ہوئے مصارف کی آخری قسط کی ادائیگی کی تاریخ میں 31 مارچ سے 6 اپریل تک توسیع کی اطلاع دی ہے۔ سرکولر میں کہا گیا ہے کہ آخری قسط کی ادائیگی سے قبل عازمین کو رقم کے بارے میں معلومات حاصل کرنی چاہئے۔ ریاستی حج کمیٹیوں کو آخری قسط کے سلسلہ میں تفصیلات روانہ کی گئی ہیں۔ آخری قسط کی رقم حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائٹ پر یا حج سویدھا ایپ کے ذریعہ آن لائن ادا کی جاسکتی ہے۔ کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ، نیٹ بینکنگ کے ذریعہ رقم کی ادائیگی کی گنجائش ہے۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی برانچ میں حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کی جاسکتی ہے۔ عازمین کو آن لائن فلائٹ بکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاہم آخری قسط کی ادائیگی کے بعد ہی اُن کے شیڈول کے بارے میں اطلاع دی جائے گی۔ قربانی کی سہولت سے استفادہ کرنے والے عازمین کو تیسری اور آخری قسط کے طور پر 83330 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔1