دفعہ 370 کی منسوخی غیر جمہوری، سابق آئی اے ایس آفیسر وجاہت حبیب اللہ
نئی دہلی : جموں و کشمیر میں اسمبلی حلقوں کی حدبندی پر سیاسی مباحث جاری ہیں۔ اسی دوران سابق آئی اے ایس آفیسر وجاہت حبیب اللہ نے حلقوں کی حد بندی کے عمل سے قبل جموں و کشمیر کے ریاست کے موقف کو بحال کرنے کی پرزور الفاظ میں وکالت کی ہے۔ وجاہت حبیب اللہ پہلے چیف انفارمیشن کمشنر آف انڈیا رہے اور اُنھوں نے وادی کے 8 اضلاع میں ڈیویژنل کمشنر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ تقریباً دو سال قبل آرٹیکل 370 کی مرکزی حکومت کی جانب سے منسوخی کو اُنھوں نے غیرجمہوری قرار دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کسی بھی تبدیلی کے لئے جمہوری طریقہ سے منتخبہ ریاستی حکومت کے ساتھ مشاورت کی جانی چاہئے تھی۔ ریاست کے موقف کی بحالی تک حدبندی اور انتخابات کو روکنے کے لئے کشمیری جماعتوں کی تائید سے متعلق سوال پر اُنھوں نے کہاکہ وہ سیاسی نظریہ نہیں رکھتے۔ تاہم ریاست کے موقف کی بحالی کے بعد ہی حلقوں کی حدبندی کا مطالبہ مناسب ہے۔ حلقوں کی حد بندی بہتر ہے کیوں کہ اس سے اُن حلقوں کی بہتر نمائندگی ہوگی جنھیں یہ احساس ہے کہ اُن کی نمائندگی مؤثر طور پر نہیں ہوتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ زیادہ مطالبہ یہ ہے کہ الیکشن مرکز کے زیرانتظام علاقہ کے موقف میں نہ کرایا جائے۔