میڈرڈ: اسپینی حکام نے جمعرات کو بتایا کہ تین افراد کو اسپین میں اور ایک کو جرمنی میں ایک نیٹ ورک سے تعلق کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے جو لبنانی گروپ حزب اللہ کو کامیکاز ڈرون بنانے کیلئے پرزے فراہم کرتا تھا۔ یہ ڈرونز شمالی اسرائیل میں حملوں میں استعمال ہونا تھے۔بیان میں کہا گیا، جب گارڈیا سول نے لبنانی شہریوں کے زیرِ انتظام ہسپانوی کمپنیوں کی ’’مشکوک کارروائیوں‘‘ کا سراغ لگایا تو اسپین میں تحقیقات کا آغاز ہوا۔ ان میں کئی کلو گرام دھماکہ خیز مواد لے جانے کے قابل ڈرونز بنانے کیلئے بڑی مقدار میں مواد اور اجزاء شامل تھے۔حکام کا خیال ہیکہ حزب اللہ نے ان پرزوں سے کئی سو ڈرون بنائے ہوں گے۔
تفتیش کاروں کے مطابق یورپ اور دنیا بھر میں دیگر کمپنیوں کی طرح ہسپانوی کمپنیوں نے الیکٹرانک گائیڈنس کے اجزاء، گیسولین انجن، 200 سے زیادہ برقی موٹرز اور ڈرون کے درمیانی حصے، پروں اور دیگر حصے بنانے کیلئے مواد سمیت اشیاء خریدیں۔نیٹ ورک جو اب ختم کر دیا گیا ہے، اس کے حاصل کردہ پرزہ جات ان ڈرونز میں شناخت کیے گئے جو غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد حزب اللہ نے اسرائیل کے خلاف حملوں میں استعمال کیے۔سات اکتوبر کے بعد سے لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 450 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر حزب اللہ کے مزاحمت کار جبکہ 80 سے زیادہ شہری اور غیرمزاحمت کار بھی تھے۔ اسرائیلی جانب 21 فوجی اور 13 عام شہری مارے گئے ہیں۔