حسن آباد۔حسن آباد حلقہ کے مواضعات کوراویلی گنڈی پلی کے مابین تعمیر ہونے والے متوسط آبپاشی پراجکٹ کے باعث بے زمین و بے گھر ہوجانے والے موضع گٹا پلی، تنگوپلی، مدیلہ پلی، چنتا تانڈہ، سوماجی تانڈہ کے متاثرہ کسانوں نے آبپاشی پراجکٹس کے تعمیری کاموں کی جگہ پہنچ کر خاطر خواہ معاوضہ ادا کرنے و متبادل مکانات و اراضیات فراہم کرنے کے علاوہ آر جی آر پیاکیج کے تحت انصاف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔ نیز تعمیراتی کاموں میں رخنہ ڈالا۔ جسکے باعث متعلقہ تعمیراتی کنٹراکٹرس نے حسن آباد، اکناپیٹ سے پولیس و ریونیو حکام کو واقف کرواتے ہوئے طلب کیا۔ متاثرہ کسانوں نے عدالتی احکامات کے تناظر میں خاطر خواہ معاوضہ ادا کرنے کے ٹھوس اقدامات کے اعلان کے بعد ہی تعمیراتی کاموں کو جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔ پولیس جوانوں و ریونیو اسٹاف کے کسانوں کے مطالبات و مسائل کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے کا تیقن دے کر متاثرہ احتجاجی کسانوں کو دور کردیا۔