حیدرآباد۔یکم‘ ستمبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں جاری بارش کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے قلب شہر میں واقع حسین ساگر کی سطح آب مکمل ہونے کی اطلاع جاری کی ہے لیکن ساتھ میں یہ بھی کہا ہے کہ فوری طور پر پانی کے اخراج کے سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کیونکہ حسین ساگر کو جس طرح سے تعمیر کیا گیا ہے اس اعتبار سے مکمل سطح آب کے بعد بھی دیڑھ میٹر پانی جمع ہونے کی گنجائش موجود ہے ۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر لوکیش کمار کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق حسین ساگر کی مکمل سطح آب 513.410ہے اور اب یہ مکمل ہوچکی ہے اور تالاب میں جمع پانی اس مکمل سطح آب کے نشان تک پہنچ چکا ہے لیکن حسین ساگر کے طرز تعمیر کے اعتبار سے ابھی 1.5میٹر پانی جمع ہونے کے بعد اسے اعظم ترین مکمل سطح آب تصور کیا جائے گا یعنی ابھی گنجائش باقی ہے۔شہر کے سیاحتی مقام حسین ساگر کی اعظم ترین سطح آب 514.910 ہے اسی لئے فوری طور پر نہ کوئی خطرہ ہے اور نہ ہی پانی کے اخراج کے سلسلہ میں کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔
بتایاجاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے پانی کے اخراج کے فیصلہ سے قبل محکمہ آبپاشی کے علاوہ آبرسانی کے عہدیداروں سے مشاورت کی جائے گی ۔