شہر کے کئی پولیس اسٹیشنوں میںٹی وی اینکر کیخلاف شکایات درج
حیدرآباد۔/17 جون، ( سیاست نیوز) حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ غریب نواز کی شان میں گستاخی کرنے والے ایک ٹی وی چینل کے اینکر کے خلاف حیدرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں شکایات درج کرائی گئیں۔ نیوز 18 ٹی وی چینل کے اینکر امیش دیوگن نے ایک مباحثہ کے دوران حضرت خواجہ غریب نوازؒ کی شان میں گستاخی کرتے ہوئے انتہائی قابل اعتراض الفاظ کا استعمال کیا ۔ ٹی وی اینکر کے ان گستاخانہ الفاظ کے استعمال کے بعد ملک بھر میں برہمی کی لہر دوڑ گئی اور شہر حیدرآباد میں بھی مختلف افراد نے اس سلسلہ میں پولیس میں شکایت درج کرواتے ہوئے ٹی وی اینکر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ مشائخین کے ایک وفد ( متحدہ مجلس مشائخ )نے بھی پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار سے ان کے دفتر میں ملاقات کرتے ہوئے مذکورہ ٹی وی اینکر کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے نمائندگی کی اور اس سلسلہ میں ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔