ٹی آر ایس نے ترقی کو نظرانداز کردیا، رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا الزام
حیدرآباد۔ 30 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے دعوی کیا کہ حضورنگر میں کانگریس امیدوار پدماوتی ریڈی کی بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی ہے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کانگریس قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتخابی لائحہ عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ حضورنگر میں کے سی آر کے ڈکٹریٹر شپ کا مقابلہ تلنگانہ کی خاتون سے ہے اور اس جنگ میں سچائی کی جیت ہوگی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ حضورنگر کے عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ وعدوں کی تکمیل میں ناکام ٹی آر ایس حکومت کو سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حضورنگر کانگریس کا مضبوط قلعہ ہے اور گزشتہ تین اسمبلی انتخابات میں اتم کمار ریڈی نے اس حلقے سے کامیابی حاصل کی۔ حضورنگر کی ترقی کے لیے اتم کمار ریڈی نے سنجیدگی سے قدم اٹھائے تھے۔ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ٹی آر ایس حکومت نے حضورنگر کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی۔ اپوزیشن کی کامیابی کے سبب اس حلقے کو نظرانداز کردیاگیا تھا۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ضلع سے تعلق رکھنے والے تمام قائدین انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حلقے میں تمام قائدین متحدہ ہیں اور کانگریس کی کامیابی کے لیے مشترکہ مساعی کریں گے۔ کے سی آر پر خواتین کی توہین کا الزام عائد کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ سابق ڈپٹی اسپیکر پدمادیویندر ریڈی کو پرگتی بھون میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی اور ان کی توہین کی گئی۔ کے سی آر کے پاس خواتین کا کوئی احترام نہیں ہے۔ حضور نگر کی خواتین کو چاہئے کہ وہ کے سی آر کو سبق سکھائیں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں شکست خوردہ سیدی ریڈی کو ٹی آر ایس نے دوبارہ ٹکٹ دیا ہے اور وہ غیر مقامی ہیں اور وہ عوامی مسائل سے ناواقف ہیں۔