کانگریس رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کا انکشاف، کانگریس سے امیدوار کے اعلان کی اپیل
حیدرآباد۔29 ۔جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے سنسنی خیز انکشاف کیا کہ حضور آباد اسمبلی حلقہ میں ایٹالہ راجندر کو سبقت حاصل ہے۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں انہوں نے سروے کا اہتمام کیا تھا جس کے مطابق 67 فیصد ووٹ راجیندر کو حاصل ہوں گے جبکہ ٹی آر ایس کو صرف 30 فیصد رائے دہندوں کی تائید حاصل ہوگی ۔ کانگریس پارٹی کو صرف 5 فیصد ووٹ حاصل ہوں گے ۔ وینکٹ ریڈی کے اس بیان سے کانگریس حلقوں میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ پردیش کانگریس کے صدر کی حیثیت سے ریونت ریڈی کے انتخاب کے بعد سے وینکٹ ریڈی ناراض ہیں۔ وہ اس عہدہ کے اہم دعویداروں میں شامل تھے۔ انہوں نے گاندھی بھون میں قدم نہ رکھنے کا پہلے ہی اعلان کردیا ہے ۔ نئی دہلی میں پارلیمنٹ اجلاس کے سلسلہ میں شرکت کے لئے وینکٹ ریڈی ساتھی رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی کے ہمراہ موجود ہیں۔ انہوں نے موجودہ صورتحال میں راجندر کی برتری کا اعتراف کیا اور کہا کہ اگر کانگریس پارٹی ابھی سے امیدوار کے نام کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی مہم کا آغاز کرتی ہے تو صورتحال تبدیل ہوگی۔ حضور آباد میں عوام کی اکثریت حکومت کے خلاف ہے۔ عوام کی ناراضگی اور مخالفت کو ووٹ میں تبدیل کرنے کے لئے کانگریس کو مساعی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مخالف عوام کو تقسیم سے روکنا کانگریس کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ اور بھونگیر لوک سبھا حلقوں میں موجود تمام اسمبلی نشستوں پر کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنانے کے مقصد سے وہ کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں اقتدار پر ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کے دوست تیجا راجو کا کنٹرول ہے۔ معاشی بدعنوانیوں کے سبب 7 سال تک جیل میں رہنے والے ستیم رام لنگا راجو کے فرزند تیجا راجو ان دنوں حکومت کے حلقوں میں کافی اثر انداز ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں نلگنڈہ اور بھونگیر میں شروع کردہ ترقیاتی اسکیمات کو موجودہ حکومت نے روک دیا ہے ۔ ٹی آر ایس کو ڈر ہے کہ اسکیمات کی تکمیل سے دونوں اضلاع میں کانگریس پارٹی کو فائدہ ہوگا ۔ ٹی آر ایس حکومت اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ سرکاری اجلاسوں میں مقامی ارکان اسمبلی کو نظر انداز کرتے ہوئے پروٹوکول کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔