ووٹنگ کے تناسب میں اضافہ ہونے اور دیر رات تک پولنگ کا امکان
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) غیر مقامی قائدین کیلئے چہارشنبہ تک ہی حضور آباد میں انتخابی مہم چلانے کی اجازت ہونے پر مختلف قائدین کی جانب سے انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ کورونا بحران کے باعث عہدیداروں کی جانب سے رائے دہی کے اوقات میں دو گھنٹوں کا اصافہ کردیا گیا ہے ۔ عام طور پر صبح 7 تا شام 5 بجے تک رائے دہی کا انعقاد ہوتا تھا۔ تاہم اس مرتبہ صبح 7 تا شام 7 بجے تک رائے دہی کا انعقاد کیا گیا ہے جس سے رائے دہی کا تناسب بڑھنے کا امکان ہے ۔ حضورآباد اسمبلی حلقہ میں جملہ 305 پولنگ اسٹیشنس قائم کئے گئے ہیں۔ تمام پولنگ مراکز پر رائے دہندوں کیلئے پینے کے پانی ، شامیانے ، معذورین کیلئے خصوصی ریامپس ، طبی عملہ ، سماجی فاصلہ، سینی ٹائیزرس کے علاوہ دوسرے بنیادی سہولتیں فراہم کئے گئے ہیں۔ حضور آباد میں جملہ 2.36 لاکھ رائے دہندے ہیں جن میں 7500 رائے دہندوں کے انتقال کرجانے کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے رائے دہندوں کیلئے ماسک اور سماجی دوری کو لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ رائے دہی کے اوقات میں دو گھنٹوں کا اضافہ کرنے پر تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے شہر حیدرآباد کے علاوہ دوسرے مقامات پر رہنے والے رائے دہندوں کو حضور آباد لانے کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ قواعد کے مطابق اگر رائے دہندے 7 بجے سے قبل پولنگ اسٹیشن پہنچ جاتے ہیں تو انہیں حق رائے دہی سے استفادہ کرنے کا موقع فراہم کرنا ہوگا ۔ کسی کسی پولنگ اسٹیشن پر رات 10 بجے تک بھی رائے دہی ہونے کا امکان ہے ۔ ن