حضور اکرم ؐکی شان میں گستاخی پر پی ڈی ایکٹ نافذ کرنے کا مطالبہ

   

ورنگل رابطہ کمیٹی کے صدر خسرو پاشاہ کی
کمشنر پولیس سے ملاقات اور یادداشت کی پیشکشی
قاضی پیٹ ۔24 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حضور اکرم ﷺ کی شان میں گستاخی مسلمانوں اور ہر پرامن شہری کے لئے ناقابل برداشت ہے ۔ یہ دراصل امن و امان کو بگاڑنے کی فرقہ پرستوں کی کوششیں ہیں۔ گستاخ ِرسول ملعون راجہ سنگھ کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی صدر و سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹ حضرت خسرو پاشاہ بیابانی کے ہمراہ شہر کے معزز شخصیتوں نے آج ورنگل پولیس کمشنر ڈاکٹر ترون جوشی سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ایک یادداشت پیش کی جس میں کہا گیا کہ فرقہ پرست عناصر کی جانب سے امن و امان کو بگاڑنے کی کوشش کی جارہی ہے ایسے اشرار کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔ اس کے ساتھ ہی ساتھ گستاخ رسول ملعون راجہ سنگھ کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے اُس ملعون کو کیفرکردار تک پہونچایا جائے ۔ ورنگل میں بھی راجہ سنگھ کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے تاکہ وہ ملعون دوبارہ حضور اکرم ﷺ کی شان اقدس گستاخی تو دور اس تعلق سے بیان بازی سے گزیر کریں ۔ اس موقع پر مولانا فصیح الدین قاسمی ، عظیم الدین قاسمی ، خالد سعید ، مدثر احمد قیومی ، محمد عبدالقہار،ایم اے سبحان ، محمد عزیز اور دیگر اہم شخصیتیں موجود تھے ۔
جڑچرلہ : گوشہ محل کے بی جے پی ایم ایل اے کی جانب سے دیئے گئے متنازعہ بیان کو لیکر جڑچرلہ پولیس اسٹیشن پہونچکر مسلم نوجوان اور کل جماعتی مسلم قائدین نے مقامی سی آئی آنند بالو کو درخواست پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اُس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس سلسلہ میں راجہ سنگھ پر کیس درج کرے ۔ اس موقع پر مسلمانوں کی کثیرتعداد جمع تھی ۔ مسلم قائدین جن میں یاسر مجلسی قائد ذاکر علی کے علاوہ جابر لطیف و دیگر موجود تھے ۔
یلا ریڈی : یلاریڈی ڈیویژن کے منڈل لنگم پیٹ کی مسلم کمیٹی قائدین فاروق ، فتح الدین جمیل ، ابراہیم ، راشد ، غلام صادق ، ساجد پاشاہ ، اکرم ، محمد قاسم ، اشو نے گستاخ رسول صلی اﷲ علیہ و آلہٖ و سلم رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے خاطی کو سخت سے سخت سزا دینے کی مانگ کی اور کہاکہ ملک میں بدامنی پھیلانے والے شیطان صفت راجہ سنگھ کی عدالتی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے مسلمانوں کے جذبات کی قدر کرتے ہوئے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن میں درخواست داخل کی گئی ۔
نرسا پور : جمعیۃ علماء کی جانب سے آج بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی جانب سے حضور اکرم ﷺ کے خلاف زہر افشانی اور گستاخی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے راجہ سنگھ کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مسلمانوں کی جانب سے آج نرساپور پولیس سے ملاقات کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر مولانا مسیح الدین ، حافظ قطب الدین ، لئیق علی خان ،شیخ حسین ، اشرف علی ، داؤد ، حافظ منیر ، حافظ جبار خان اور دیگر موجود تھے ۔
میدک : میدک ضلع کے نرساپور اور کوڈی پلی کے مسلمانوں نے اپنے مقامی علمائے کرام اور مساجد کے ذمہ داروں کے ساتھ متعلقہ پولیس اسٹیشنوں کو پہونچ کر اسٹیشن ہاؤز آفیسرس کو گستاخ رسول ملعون راجہ سنگھ کیخلاف کارروائی کرنے اور کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ پر تحریری یادداشت پیش کی ۔
کلواکرتی: کلواکرتی جے اے سی کی جانب سے ملعون زمانہ راجہ سنگھ جس نے رسالت مآب ﷺ کی شان مبارک میں گستاخی اور بے ادبی کی ہے اس کے خلاف کلواکرتی کے مسلمانوں نے جامع مسجد سے ایک زبردست احتجاجی ریالی نکالی اور ملعون زمانہ راجہ سنگھ کو پی ڈی ایکٹ کے تحت گرفتار کرتے ہوئے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلانے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر صدر جمعیۃ العلماء ضلع ناگرکرنول مولانا عبدالوکیل حسامیؔ نے اپنے خطاب میں کہاکہ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتا ہے مگر حضور اکرم ﷺ کی شان میں گستاخی ذرّہ برابر بھی برداشت نہیں کرسکتا ۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ قانون کے مطابق اس کو سخت سے سخت سزا دی جائے ۔ ریاست تلنگانہ جہاں دوسری ریاست کے مقابلہمیں امن و سکون کا ماحول ہے یہاں کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انھوں نے پی ڈی ایکٹ کے تحت راجہ سنگھ کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر سید عبدالستار ، سید مسعود ت سید عبدالقادر ، عبدالقادر ، پپو ، جمعیۃ العلماء ضلع ناگر کرنول سکریٹری مولانا عبدالماجد اور دیگر شریک تھے ۔
بودھن : تحریک علماء اہلسنت بودھن کا ایک وفد مولانا سید خواجہ ناظم الدین سلطان قادری کے زیرقیادت بودھن پولیس اسٹیشن پہونچکر ملعون راجہ سنگھ کے خلاف سرکل انسپکٹر پولیس بودھن کو شکایت پیش کی ۔ بعد ازاں مولانا سلطان قادری نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملعون راجہ سنگھ نے حضرت محمد مصطفی ﷺ کی شان میں گستاخانہ الفاظ ادا کرکے سنگین جرم کیا ہے جو مسلمانوں کی نظر میں ناقابل معافی ہے ۔ اس کو اس دنیا میں ہی اپنے جرم کی سزا بھگتنا پڑے گا ۔ مولانا نے تلنگانہ سرکار سے ملعون راجہ سنگھ کے خلاف سخت دفعات کے تحت مقدمہ درج رجسٹرڈ کرنے کا مطالبہ کیا ۔
٭o٭ پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی ﷺ کی شاند اقدس میں گستاخی کئے جانے کی خبر سن کر برہم بودھن کے خاص و عام مسلمان گزشتہ روز غم و غصہ کے عالم میں بودھن پولیس اسٹیشن کا رُخ کرکے بدزبان راجہ سنگھ ایم ایل اے کے خلاف احتجاج منظم کیا ۔ اس احتجاج میں شامل مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین اور سرگرم کارکنوں نے راجہ سنگھ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے تعلق سے بودھن پولیس اسٹیشن میں اپنے طورپر علحدہ علحدہ شکایتیں درج کروائیں ۔ ان سب سے بڑھکر ایم ایل اے بودھن شکیل عامر نے حیدرآباد میں میڈیا کو طلب کرکے راجہ سنگھ کے خلاف سخت الفاظ میں اس کی نازیبا حرکت پر انتباہ دیا ۔
بھینسہ : بھینسہ کے مسلمانوں نے ملعون راجہ سنگھ ایم ایل اے کے گستاخانہ تبصروں پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تمام چھوٹے بڑے تجارتی و کاروباری اداروں کو رضاکارانہ طور پر مکمل اور صد فیصد بند رکھ کر اپنا احتجاج درج کرواتے ہوئے نبی پاک محمد ﷺ سے اپنی محبت اور اٹوٹ وابستگی کا اظہار کیا ، بعدازاں بھینسہ کے نوجوان جن میں محمد اطہر الدین ، حافظ منیر الدین ، محمد شبیر جمن ، ابو شبیر ، ابوبکر ، عبدالحاجی پاشاہ ، علا الدین ، ایوب خان ، ساجد ، ایوب احمد ، مبین سْہیل ، شیخ عرفان ، ارشد ، کاشف تمجید کے علاوہ مسجد عمر فاروق انتظامی کمیٹی صدر منہاج احمد ، نائب صدر شیخ الطاف ، شیخ واجد ، محمد ارشد ، سید مستان و دیگر کی جانب سے علٰحدہ علٰحدہ طور پر پولیس اسٹیشن پہنچ کر ایڈیشنل ایس پی کرن کھرے آئی پی ایس اور آر ڈی او دفتر پہنچکر آر ڈی او لوکیشور راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے ملعون راجہ سنگھ کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تحریری شکایت درج کروائی ۔ انھوں مسلمانوں کی دل آزاری کرنے والے گستاخ کے خلاف پی ڈی ایکٹ اور سخت سے سخت قانونی کاروائی کرتے ہوئے ملک کے سالمیت کی بقاء کی حکومت سے اپیل کی ہے۔
ظہیرآباد : جمعیتہ علماء ظہیرآباد نے ملعون زمانہ گستاخ رسول راجہ سنگھ کی جانب سے شان رسالتؐ میں کئے گئے گستاخانہ بیان کے خلاف ایک ایف آئی آر پولیس اسٹیشن ظہیرآباد ٹاؤن میں درج کرائی ۔ اس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوے مولانا عبدالمجیب قاسمی نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ راجہ سنگھ کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ اس موقع پر جمعیتہ علما ء ضلع سنگاریڈ ی کے جنرل سکریٹری مفتی عبدالصبور قاسمی نے کہا کہ حضور ﷺ کی ذات ہر مسلمان کے لئے اپنی ذات ، والدین ، اولاد ،اور دنیا کی بڑی سے بڑی نعمت کے مقابلہ میں محبوب ہے اور یہ کہ نبیؐ کی ادنی سی ہتک اور معمولی سی توہین بھی کبھی برداشت نہیں کرسکتے ، لہذا حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے گستاخوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرے۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے دلوں میں حب نبیؐ کو پیدا کریں اور آنے والے مہینہ ربیع الاول کو تعارف پیغمبر اسلامﷺ کے طور پر منائیں۔ اس موقع پر جمعیتہ کے ذمہ داران مفتی عبدالقدوس قاسمی ، مفتی خلیل قاسمی ، مولانا عیسی قاسمی ، مفتی معین قاسمی ، مولانا عارف حسامی، مولانا عبدالغنی حسامی ، حافظ اکبر خازن جمعیتہ، حافظ جنید ،حافظ عبدالمجیب ، حافظ سجاد، محمد عمران، عبدالقدیر معتمد مسلم ایکشن کمیٹی محمد معز الدین ، محمد ارشد پٹیل سابق نمائندہ سرپنچ ماڈگی عبدالوحید ٹی آر یس لیڈر اور دیگر احباب نے شرکت کی۔
سداسواپیٹ : شان رسالتؐ میں مسلسل گستاخی کرنے والے گستاخِ رسول راجہ سنگھ کیخلاف شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے جمعیت علمائے ہند کی زیر نگرانی شہر سداسواپیٹ کی مختلف تنظیموں اور نوجوانوں کی جانب سے آج بڑے پیمانے پر احتجاج کرتے ہوئے مقامی پولیس اسٹیشن میں راجہ سنگھ کے خلاف ایک تحریری یادداشت پیش کرتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر مقامی سرکل انسپکٹر میں عوام سے کہا کہ راجہ سنگھ کے خلاف ضرور مقدمہ درج کیا جائے گا،عوام صبر سے کام لینا چاہیے۔بالخصوص نوجوانوں سے کہا کہ وہ برہم نہ ہو۔قانون اور پولیس ضرور اپنا کام کرے گی۔اس احتجاج میں اکبرحسین صاحب صدر عیدگاہ کمیٹی ، جمعیت العلماء کے ذمہ داران مولانا عباس اسعدی ، مفتی نصیر قاسمی ، مولانا مصباح الدین حسامی ، حافظ شفیع صاحب ،حافظ محمد مصطفی ، صدرخدمت بینک محمد اشفاق حسین کے علاوہ ظہیر پٹیل ، وسیم اکرم ، سید مقصود ، کامل انصار ، محمد شفیع الدین ، اراکین بلدیہ موبی محی الدین ، محمد نصیر الدین ، عبدالواجد (جنو) ، کے علاوہ سینکڑوں نوجوانوں نے شرکت کی۔
یلا ریڈی تنظیم المساجد صدر کمیٹی شیخ غیاث الدین نے اپنے ایک بیان میں گستاخ رسول رکن اسمبلی راجہ سنگھ کو سخت سزاء دینے کا مطالبہ کیا جس نے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل شکنی کی ۔ بی جے پی اسے صرف پارٹی سے معطل کرکے دنیا بھر کے مسلم ممالک کے سامنے خود کا دامن بچارہی ہے اور کچھ دن قبل ہی نپور شرما کی گستاخی کی بعد دنیا بھر کے مسلمانوں کا ردعمل سے واقفیت رکھتے ہوئے پھر سے دوبارہ گستاخانہ بیان ایک سازش سے کم نہیں ہے ، ایسے گستاخ کیخلاف قانون سخت کاروائی کرتے ہوئے اسے سبق سکھائیں اور ملک کی پرامن فضاء کو مکدر کرنے والوں کیخلافسخت قانونی کاروائی کرتے ہوئے ملک کی ساکھ کو پامال ہونے سے بچایاجائے ۔ انھوں نے عدلیہ سے سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔
شادنگر : بی جے پی کے متنازعہ و شر پسند رکن اسمبلی حلقہ گوشہ محل ٹی راجہ سنگھ کی جانب سے شان اقدسؐ میں گستاخانہ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد منگل کے دن مسلمان فرخ نگر شاد نگر کے معزز شخصیات و نوجوانان فرخ نگر شادنگر نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج درج کروایا ۔ مولانا حافظ سید منور علی کی صدارت میں مسلم نوجوانان نے پیغمبر اسلام کے خلاف بالواسطہ توہین آمیز تبصرہ کرنے والے راجہ سنگھ کے خلاف مسلمانوں کا نمائندہ وفد نے شاد نگر پولیس اسٹیشن پہنچ کر شاد نگر سرکل انسپکٹر نوین کمار سے ملاقات کرتے ہوئے ایک تحریری نمائندگی کرتے ہوئے ملعون راجہ سنگھ کیخلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں مولانا حافظ سید منور علی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حضوراکرمؐ کی شان اقدس میں گستاخان الفاظ کا استعمال کرنے والے راجہ سنگھ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا ریاستی حکومت بالخصوص ریاستی پولیس سخت اقدامات کرتے ہوئے قانونی کاروائی کرنے کا پر زور مطالبہ کیا۔ راجہ سنگھ سابقہ میں اس طرح کے الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے ریاست اور ملک کی پر امن فضا کو مکدر کرنے کی کوشش کی ہے۔ لہٰذا راجہ سنگھ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔دنیا بھر کے مسلمان حضور کی شان میں گستاخی کو کبھی برداشت نہیں کریں گے۔ اس موقع پر کونسلر سرور پاشا، کانگریس کے سینئر قائدین محمد علی خان بابر، بابا گوری، سید اسد علی، ایم آئی ایم محمد غوث ، رحمت علی، علیم ثاقب نظام، محمد صادق، سید قدیر، عرفان خلائی، محسین، واصف، خالد خان ، عرفان ،الطاف، صادق، غلام، اسماعیل علی خان، پروز، رحمت، رحیم، عیسیٰ، کبیر، عظمت، شعیب کے علاوہ دیگرنوجوان سینکڑوں کی تعداد میں موجود تھے۔
سنگاریڈی : سنگاریڈی کے فیضی چوک تا نعل صاحب گڈہ چوراہا پر ملعون رکن اسمبلی گوشہ محل راجہ سنگھ کے خلاف مسلمانوں کی جانب سے برہمی کا اظہار کرتے ہوے زبردست احتجاجی دھرنا منظم کیاگیا اور دو علامتی پتلوں کو نذر آتش کیا گیا اس موقع پر مولانا شاہ محمد طاہر علی نوری چشتی القادری نے کہا کہ ملعون راجہ سنگھ کی گستاخی کے خلاف حکومت کی جانب سے سخت سے سخت کاروائی کی جاے شان رسالت مآب ﷺ میں گستاخی کی وجہ سے مسلمانوں کے دلوں کو ٹھیس پہنچی ہے ۔ اس طرح کی حرکات کے ذریعہ ہندو مسلم بھائی چارگی میں دراڑ پیدا کرنے کی کوششں کی جارہی ہے ہم ہندوں کے خلاف نہیں ہیں لیکن راجہ سنگھ کی گستاخی پر سخت کاروائی کا مطالبہ کیا تاکہ دوبارہ کوئی اور اس طرح کی نفرت انگیزی نہ کرسکیں۔ الحاج محمد خواجہ اور شیخ رشید نے بھی خطاب کیا اس موقع پر مولانا سید فصیح الدین قاسمی، محمد نصیر الدین اجو، محمد آصف کوآپشن ممبر، مسعود بن عبداللہ بصراوی، محتشم، شیخ مسعود، محمد قطب الدین، روف برف، جمال الدین نیازی، منو ڈیکوریشن، واجد بابا، حافظ محمد جنید، ایاز، دستگیر، مزمل، حسن احمد، پرویز باورچی، چھوٹو ڈائمنڈ، حافظ ریان نوری، عیسی قریشی اور سلیم ایلکٹریشن کے علاوہ مقامی تمام تاجرین موجود تھے ۔
حضور آباد: کریم نگر ضلع کے حضور آباد میں مسلم تنظیموں کے زیراہتمام کالے جھنڈوں کے ساتھ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مذہبی منافرت کو ہوا دینے والے بی جے پی ایم ایل اے راجہ سنگھ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔مقامی جامع مسجد سے امبیڈکر چوراہا تک ایم ایل راجہ سنگھ کے علامتی پتلے کا جنازہ نکالا گیا اور ہندو مسلم بھائی بھائی کے نعرے لگائے گئے، مقامی امبیڈکر چوراہا پر پہنچ کر راجہ سنگھ کے خلاف نعرے لگائے گئے اور علامتی پتلے کو نذر آتش کرتے ہوئے مذہبی اشتعال انگیزی کیخلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ ملعون راجہ سنگھ نے دو دن قبل سوشل میڈیا کے ذریعہ نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کی اس کے خلاف مقامی پولیس اور مقامی تحصیلدارکو کارروائی کرنے کی شکایت درج کرائی ۔اس موقع پر حضورآباد کے علماء حفاظ ائمہ کرام مسلم دانشوروں اور نوجوانان کی کثیر تعداد موجود تھی ۔
نظام آباد: سید نجیب علی ایڈوکیٹ نے اپنے ایک صحافتی بیان میں ملعون راجہ سنگھ کے خلاف پولیس کی جانب سے اختیار کردہ ناقابل فہم رویہ اور مجرم کو معمولی کارروائی کے ذریعہ گرفتار کرنے اور رہائی کیلئے قانونی راہ ہموار کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سنگین مسئلہ پر چیف منسٹر کو مداخلت کرتے ہوئے پولیس کو یہ این ایس اے، پی ڈی ایکٹ اور یواے پی اے (UAPA) قوانین کے تحت کارروائی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سیکولرازم پر دعوے اور ایقان کا عملی ثبوت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملعون رکن اسمبلی نے اقطاع عالم کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتے ہوئے انتہائی مذموم گھناونی اور ناقابل معافی حرکت کی ہے اور اس حرکت پر وہ عبرتناک سزاء کا مستحق ہے۔انہوں نے اس مسئلہ پرپولیس کے ناقابل فہم اور مشکوک رویہ پر اور محکمہ پولیس میں موجود ہندتوا ء فرقہ پرستوں اور فاشست نظریات سے نرم رکھنے والے عہدیداروں کے رویہ اور کردار کی جانچ کا بھی مطالبہ کیا۔ ملعون مجرم کے گرفتاری و رہائی کے ذریعہ مسلمانوں سخت بے چینی اور تشویش پائی جاتی ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سخت کارروائی کرتے ہوئے ملک بھر میں سیکولرحکومت ہونے کا ثبوت فراہم کریں ورنہ اس حرکت پر اس وقت تک خاموش نہیں بیٹھیں گے جب تک مجرم کو قانونی طریقہ پر مجرم کو سنگین دفعات کے تحت گرفتار کرتے ہوئے فرار واقعی سزاء کیلئے راہ ہموار کی جائے۔ بیان کے آخر میں انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں، تمام مسالک کے ذمہ داروں سے اجتماعی لائحہ عمل مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
٭o٭ ندیم احمد نائب صدر ہلپ ویلفیر اینڈ ایجوکیشن سوسائٹی نظام آباد نے شہر کے IVٹاون پولیس اسٹیشن میں ہسٹری شٹر ایم ایل اے راجہ سنگھ کے خلاف شکایت درج کرائی۔ ندیم احمد نے پیغمبر اسلام کیخلاف راجہ سنگھ کے ویڈیو کی سخت مذمت کرتے ہوئے راجہ سنگھ کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تاکہ وہ دوبارہ اس طرح کی حرکت نہ کریں۔اس موقع پر ندیم احمد کے ہمراہ محمد انصاری، سید ندیم، محمد رضوان، سونو احمد، محمد آفرید، محمد عدنان، محمد محسن اور محمد موجود تھے۔ ندیم احمد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ راجہ سنگھ کی تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارم بلاک کریں۔
رکن اسمبلی گنیش گپتا کا مختلف علاقوں کا دورہ
نظام آباد ۔ 24 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رکن اسمبلی نظام آباد اربن مسٹر بیگالہ گنیش گپتا نے آج مئیر نیتو کرن، انچارج کمشنر کے ہمراہ آج شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ میونسپل کمشنر چترا مشرا کو ہدایت دیتے ہوئے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے دورہ سے قبل انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ مسٹر گنیش گپتا نے جدید کلکٹریٹ سے ہوتے ہوئے گذرنے والی سڑکوں کا معائنہ کیا۔ سنٹرل میڈین لائٹس،ڈیوائیڈرس کے درمیان واقع پودوں کی دیکھ بھالی کیلئے منصوبہ بند اقدام کرنے کی ہدایت دی۔ اور کہاکہ نظام آباد کے سڑکیں حالیہ بارش سے خراب ہوئی تھی ان سڑکوں کی جنگی خطوط پر مرمتی کام کریں۔ہریتا ہرم کے تحت لگائے گئے پودوں کی تحفظ کیلئے اقدامات کریں۔ریلوے کمان کے پاس جاری کاموں کا بھی معائنہ کیا۔عہدیداروں کو ہدایتں جاری کی۔اور تمام کاموں کو جنگی خطوط پر انجام دینے کی خواہش کی۔
منور فاروقی کا کامیڈی شو ٹی آر ایس اور بی جے پی کی ملی بھگت
نظام آباد ۔ 24 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محمد ماجد خان سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و سابق صدر ضلع وقف بورڈ نظام آباد نے منور فاروقی کے حیدرآباد میں 21 اگست کو منعقدہ کامیڈی شو کو برسراقتدار ٹی آرایس اور فرقہ پرست بی جے پی کی ملی بھگت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک معمولی مسخرہ کو ٹی آرایس حکومت نے اتنی سیکوریٹی فراہم کی کہ بی جے پی کے فرقہ پرست رکن اسمبلی راجہ سنگھ کو موقع ہاتھ آگیا اور اس نے شان رسالت ؐ میں گستاخی کرتے ہوئے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی اور ریاست کی پرُ امن فضاء کو مکدر کرنے کی کامیاب کوشش کی۔ محمد ماجد خان قائد کانگریس پارٹی نے کہا کہ ایک مسخرہ کے کامیڈی شو کیلئے ٹی آرایس پارٹی کا اتنا سنجیدہ ہونا تشویشناک ہے اگر فرقہ پرست بی جے پی کی جانب سے منور فاروقی ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر شو کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کررہے تھے تو ٹی آرایس حکومت کی یہ ذمہ داری تھی کہ وہ فوری اس کے شو کو منسوخ کردیتے لیکن ٹی آرایس حکومت نے ایسا نہیں کیا اور شو منعقد کیا گیا جس کے نتیجہ میں راجہ سنگھ نے ویڈیو بناتے ہوئے شان رسالت ؐ میں گستاخی کی انتہا ء کردی۔ محمد ماجد خان قائد کانگریس پارٹی نے ہندوستان میں بی جے پی کے بعد سب سے زیادہ سیاسی طاقتور اور ہمت والی جماعت کا دعویٰ کرنے والی مجلس اتحاد المسلمین کے گڑھ حیدرآباد میں شان رسالت ؐ میں گستاخی کے باوجود مجلسی قیادت معنی خیز خاموشی اختیار کررہی ہے۔
نلگنڈہ ضلع کے کیمیکل فیکٹری میں
ری ایکٹر پھٹنے سے 6 افراد زندہ جل کر ہلاک
نلگنڈہ: تلنگانہ کے ایک فارما کمپنی میں ری ایکٹر کے پھٹنے سے 6 افراد ہلاک ہونے کی اطلاع ہے یہ حادثہ نلگنڈہ ضلع کے چتیال منڈل کے مضافاتی علاقے ویلیمینڈو میں ہینڈیز کیمیکل فیکٹری میں پیش آیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ری ایکٹر پھٹنے کے بعد فارا کمپنی میں زبردست آگ لگ گئی۔ کیمیکل فیکٹری میں ری ایکٹر پھٹنے سے انڈسٹری کے تمام ورکرز باہر بھاگ گئے۔ بڑے پیمانے پر آگ اور دھواں انڈسٹری میں پھیل گیا۔ اس حادثے میں 6 افراد زندہ جل گئے اور کچھ لوگ شدید زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئی اور آگ بجھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ آگ کی شدت سے مقامی لوگ خوفزدہ ہو گئے۔ ایسا لگتا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔
تمام اقلیتی طلبہ کیلئے CSATمفت تربیتی پروگرام
جگتیال ۔24 اگسٹ ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلعی عہدیدار محکمہ بہبود درج فہرست طبقات راجکمار نے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ اسٹڈی سرکل حیدرآباد میں UPSC (CSAT-2023)کی مفت تربیتی پروگرام میں داخلہ کیلئے اعلامیہ کی اجرائی کی گئی ہے۔ چنانچہ ضلع جگتیال سے متعلقہ کسی بھی ڈگری سے کامیاب خواہشمند امیدوار جو ایس سی، بی سی ، معذورین اور اقلیتی طبقات سے وابستہ ہوں بتاریخ 7 ستمبر شام 5.00 بجے تک www. tsstudycircle.co.in ویب سائیٹ پر درخواست فارم کا ادخال کریں۔