حضور نگر کی ترقی کیلئے ٹی آر ایس کو کامیاب بنانے کی اپیل

,

   

وزیر برقی جگدیش ریڈی کی انتخابی مہم،کانگریس پر ترقی کو نظرانداز کرنے کا الزام
حیدرآباد۔9۔ اکتوبر ( سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے آج حضور نگر میں ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ ان کے ہمراہ رکن پارلیمنٹ بی لنگیا یادو ، ارکان اسمبلی بی ملیا یادو ، جی کشور ، شنکر نائک اور پارٹی کے امیدوار اے سیدی ریڈی موجود تھے ۔ جگدیش ریڈی نے ٹی آر ایس کی کامیابی کی صورت میں حضور نگر کی ترقی کے لئے مختلف اقدامات کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے کبھی بھی علاقہ کی ترقی پر توجہ نہیں دی ہے۔ جگدیش ریڈی نے اتم کمار ریڈی پر الزام عائد کیا کہ وہ ٹی آر ایس کو نشانہ بناتے ہوئے حضور نگر کی تر قی کے بارے میں عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور نگر کے عوام نے اتم کمار ریڈی پر بھروسہ کیا تھا لیکن رکن اسمبلی کی حیثیت سے انہوں نے علاقہ کی ترقی پر توجہ نہیں کی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ ترقی کی سمت گامزن ہے۔ ترقیاتی اور فلاحی اقدامات سے عوام مطمئن ہیں۔ حضور نگر میں اتم کمار ریڈی کی عدم دلچسپی کے سبب ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔ وزیر برقی نے کہا کہ آج بھی حضور نگر کے کئی گاؤں سڑکوں سے محروم ہیں۔ ٹی آر ایس کو ایک موقع دیا گیا تو حلقہ کو ترقی یافتہ علاقہ میں تبدیل کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سیدی ریڈی مقامی شخص ہیں اور عوام کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیدی ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی کے بجائے اتم کمار ریڈی کو اپنے افراد خاندان کو عہدے دلانے کی فکر ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں مختلف وعدوں کے ذریعہ اتم کمار ریڈی نے کامیابی حاصل کی تھی لیکن ضمنی چناؤ میں عوام اپنے شعور کا مظاہرہ کریں گے۔