حفظ قرآن عظیم سعادت، حفاظ کی قدر کرنے والوں کا بھی بلند مقام

   

نرمل میں سینئر صحافی سید جلیل ازہر کی جانب سے خوش نصیب طلبہ کی تہنیتی تقریب، مولانا عبدالعلیم قاسمی اور دیگر علماء کا خطاب

نرمل۔ قرآن مجید اللہ کی سچی کتاب ہے، یہ اللہ کا پیغام اپنے بندوں کے نام ہے۔ قرآن کو جو لوگ مضبوطی سے تھام لیتے ہیں تو اللہ تعالیٰ ان کو بلند کردیتا ہے۔ قرآن کو یاد کرنا اور اس کو حفظ کرکے اپنے سینے میں محفوظ کرنا سعادت مندی ہے۔ حافظ قرآن کا مرتبہ اللہ کے نزدیک بہت بلند ہے، آخرت میں حافظ قرآن کے ساتھ جو اعزاز و اکرام ہوگا دنیا میں رہتے ہوئے ہم اس کا تصور بھی نہیں کرسکتے اور دنیا میں جو شخص حافظ قرآن کے ساتھ اعزاز و اکرام کا معاملہ کرتا ہے اللہ آخرت میں اس کا بھی اعزاز و اکرام فرمائے گا۔ ان خیالات کا اظہار مولانا عبدالعلیم قاسمی امام و خطیب مسجد سلیم و استاذ مدرسہ روضۃ العلوم نے جناب سید جلیل ازہر نامہ نگار روزنامہ سیاست کی طرف سے مدرسہ روضۃ العلوم سے امسال حفظ کرنے والے حفاظ کرام کی تہنیتی تقریب میں کیا۔ مولانا نے کہا جناب سید جلیل ازہر ہر سال حفاظ کرام کی تہنیت پیش کرکے قرآن اور حافظ قرآن سے اپنی سچی محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ نسبتوں سے چیزوں کی قدر و قیمت میں اضافہ ہوتا ہے۔ ایک اینٹ عام جگہ پر لگائی جائے تو اس کی کوئی قدر نہیں وہی اینٹ مسجد میں لگائی جائے تو اس کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔ اسی طرح قرآن اور حافظ قرآن سے جو اپنی نسبت جوڑلیتا ہے تو اس کی بھی قدر و قیمت بڑھ جاتی ہے۔ واضح رہے کہ اس سال خوش نصیب حفاظ میں جناب سید جلیل ازہر کے بھتیجہ سید نبیل حسان بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر مفتی حکیم الرحمن مظاہری، مولوی بشیر احمد صدر مدرس مدرسہ روضۃ العلوم نرمل و دیگر اساتذہ کرام کے علاوہ مفتی احسان شاہ قاسمی صدر سراط مستقیم سوسائٹی نرمل، مختار احمد خان صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد، اظہر الدین، معتمد جامع مسجد، آصف خازن جامع مسجد، مسعود این آر آئی نیز معززین شہر کی کثیر تعداد موجود تھی۔ سید جلیل ازہر اپنے مکان پر تمام شرکاء کے لئے ظہرانہ کا انتظام کیا۔ آخر میں مفتی کلیم الرحمن مظاہری استاذ مدرسہ روضۃ العلوم نرمل کی رقت آمیز دعا پر اس تہنیتی تقریب کا اختتام ہوا۔