ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ پر ایم پی جے قائدین کا ردعمل
نظام آباد : محمد عبدالعزیز، ریاستی صدر، یم پی جے، تلنگانہ نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ پٹرول کی قیمت 93روپے، ڈیزل 87روپے فی لیتر نیز رسوئی گیس(یل پی جی) فی سلینڈر 800 تک پہنچ چکا ہے، اس پر کوئی کنٹرول نہیں ہر آنے والا دن غریب عوام کی مشکلات میں صرف اضافہ ہی کر رہا ہے تیل کی قیمتوں میں اضافہ کا تعلق زندگی کے ہر میدان میں اور زراعت سے لیکر صنعتوں تک اور عام روزمرّہ کے اجناس اور سبزیوں تک پڑ رہا ہے!! یہی صورتحال رہی تو عام آدمی کا جینا مشکل ہوجائے گا، یم پی جے تلنگانہ عوام کے اس مشکل ترین گھڑی میں اُن کے تئیں اپنے تعلق کا اظہار کرتا ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس کمزور و درمیانی طبقہ کی معیشت کو برباد کرنے والی اور ان کو بھوکمری کا شکار بنانے والی مہنگائی کو فی الفور کنٹرول کرے اور پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں کو ریگولیٹ کریں اس کی بے تحاشہ بڑھو تری سے عوام یا تو خودکشی پر مجبور ہوجائیںگے جیسے کسانوں کی خود کشی کے واقعات سے ہر کوئی اچھی طرح واقف ہے!! اناج کا پیدا کرنے والا ہی خود کشی پر مجبور ہوجائے تو اس بُرے دن اور کیا ہوسکتے ہیں!! حکومت خواب غفلت سے بیدار ہوجائے!! عوام اپنے حقوق کے لئے سڑکوں پر نکلنے کے لئے مجبور ہیں!! ان کے جائز مسائل کو حل کرنا اور اس کا تحفظ مرکزی اور ریاستی حکومت کی اولین اور مشترکہ ذمہ داری ہے۔ موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس تلنگانہ ظلم و نا انصافی نیز دستوری حقوق کے لئے جدوجہد کرتا رہے گا، مظلوموں اور محروموں کیساتھ ہم ہر قیمت پر کھڑے رہیںگے اس سلسلے میں کسی خوف اور ملامت کی پرواہ نہیں کرینگے۔