حلف برداری کے فوری بعد 6 ضمانتوں کی فائل پر دستخط کریں

   

ریونت ریڈی کو سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی ہدایت
حیدرآباد۔/6 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے دوسرے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیتے ہی ریونت ریڈی عوام کو دی گئی 6 ضمانتوں سے متعلق فائل پر پہلی دستخط کریں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے ریونت ریڈی کو 6 ضمانتوں پر عمل آوری کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت دی ہے۔ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے اعلان کیا تھا کہ کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد کابینہ کے پہلے اجلاس میں 6 ضمانتوں کو قانونی شکل دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی حلف برداری کے بعد عوام کو دیئے گئے وعدوں کی تکمیل سے متعلق فائل پر پہلی دستخط کریں گے۔ واضح رہے کہ 2004 میں آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے زرعی شعبہ کو مفت برقی سربراہی کی فائل پر حلف لیتے ہی پہلی دستخط کی تھی۔ واضح رہے کہ تلنگانہ اسمبلی چناؤ میں سونیا گاندھی نے جن 6 ضمانتوں کا اعلان کیا اس کے تحت خواتین کو ماہانہ 2500/- روپئے وظیفہ، 200 یونٹ مفت برقی سربراہی،500 روپئے میں گیس سلینڈر، 4 ہزار روپئے ماہانہ پنشن، غریبوں کو مکانات کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے کی امداد، کسانوں کو فی ایکر 15 ہزار روپئے کی امداد، زرعی مزدوروں کو 12 ہزار روپئے سالانہ، شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کو 250 مربع گز اراضی، نوجوانوں کو 5 لاکھ روپئے تک تعلیمی امداد، دھان کی فصل پر ایم ایس پی کے علاوہ 500/- روپئے بونس ، خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت، آروگیہ شری اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج جیسے اعلانات شامل ہیں۔