مرکزی و ریاستی قائدین شیخ اکبر امیدوار کے حق میں زور دار پرچار کریں گے
حیدرآباد۔22۔نومبر(سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی ملک پیٹ پر کانگریس نے زیادہ توجہ مرکوز کرنی شروع کردی ہے اور مرکزی و ریاستی قائدین کے دوروں اور جلسہ عام کے ذریعہ وہ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے رائے دہندوں میں جوش و خروش پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے شیڈول جاری کردیا ہے۔شیڈول کے مطابق کانگریس امیدوار حلقہ اسمبلی ملک پیٹ جناب شیخ اکبر کے لئے 24 تا27نومبر مرکزی وریاستی قائدین انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ ملک پیٹ کے مختلف علاقو ںمیں منعقد ہونے والے پروگرامس میں 24نومبر کو وجئے شانتی اور مسز رینوکا چودھری حصہ لیتے ہوئے عوام سے مخاطب کریں گی جبکہ 25نومبر کو صدرنشین آل انڈیا کانگریس کمیٹی اقلیتی سیل جناب عمران پرتاپ گڑھی حلقہ اسمبلی ملک پیٹ میں منعقد ہونے والے جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ اسی طرح 26 نومبر کو سابق وزیر قانون جناب سلمان خورشید حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے اور 27 نومبر کو شعلہ بیان مقرر کنہیا کمار ملک پیٹ میں انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے جناب شیخ اکبر کی تائید کریں گے اور جلسہ عام سے مخاطب کریں گے۔