الیکشن آفیسرس کو شکایت کے باوجود کوئی کارروائی نہیں ، امجد اللہ خان کا ردعمل
حیدرآباد۔ 24 نومبر (سیاست نیوز) انتخابی بے قاعدگیوں اور قواعد کی خلاف ورزی کی شکایات پر حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں مجلسی امیدوار اپنی انتخابی مہم کیلئے خواتین کو گھر گھر روانہ کیا جارہا ہے اور اس کیلئے انتخابی عہدیداروں سے کسی بھی طرح کی اجازت حاصل نہیں کی جارہی ہے۔ اسی طرح انتخابی تشہیر کیلئے جتنی گاڑیوں کی اجازت ہے، اس سے کئی گنا زیادہ گاڑیوں کا انتخابی تشہیر کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ امیدوار مجلس بچاؤ تحریک جناب امجد اللہ خاں خالد نے بتایا کہ اس سلسلے میں وہ 17 نومبر کو انتخابی عہدیداروں سے شکایت کرچکے ہیں۔ علاوہ ازیں وہ محکمہ پولیس کے عہدیداروں سے اس بات کی شکایت کرچکے ہیں لیکن ان کی شکایت کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ امجد اللہ خاں خالد نے الزام عائد کیا کہ بی ایل او کی جانب سے ووٹر سلپ کی تقسیم کے سلسلے میں کی گئی شکایت پر بھی بے بنیاد رپورٹ تیار کرتے ہوئے چیف الیکٹورل آفیسر کو روانہ کی جاچکی ہے جوکہ انتخابی عہدیداروں کے بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں میں ملوث ہونے کا ثبوت ہے۔ جناب امجد اللہ خاں خالد نے ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر ، چیف الیکٹورل آفیسر کے علاوہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں جاری بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کے سلسلے میں واقف کروایا اور کہا کہ جس طرح سے مجلسی امیدوار کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی کھلی چھوٹ فراہم کی جارہی ہے، اس سے عوام میں خدشات پیدا ہونے لگے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات کو شفاف طریقے سے منعقد کرنے کیلئے کی جانے والی کوششوں کو منظم انداز میں بدنام کیا جارہا ہے۔ امیدوار مجلس بچاؤ تحریک نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات کو صاف و شفاف طریقے سے منعقد کرنا اور بوگس رائے دہی کو روکنا انتخابی عہدیداروں کی ذمہ داری ہے لیکن اس کے باوجود انتخابی عہدیدار سیاسی دباؤ کے تحت کام کرتے ہوئے مخصوص امیدواروں کے لئے من مانی کی سہولت فراہم کررہے ہیں۔ جناب امجد اللہ خاں خالد نے چیف الیکشن کمشنر، الیکشن کمیشن آف انڈیا سے خواہش کی کہ وہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا سخت نوٹ لیتے ہوئے ضلع الیکٹورل عہدیدار کو خصوصی ہدایات جاری کریں تاکہ شفاف طریقے سے انتخابی عمل کو مکمل کیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی جانب سے اب تک دی گئی درخواستوں پر عدم عمل آوری کے سلسلے میں بھی اس مکتوب ِ نمائندگی میں تفصیلات سے اعلیٰ عہدیداروں کو واقف کروایا گیا ہے۔ امیدوار مجلس بچاؤ تحریک نے واضح کیا کہ اگر شفاف انتخابات کے انعقاد میں کسی بھی طرح کی دھاندلیاں کی جاتی ہیں، تو وہ خاموش تماشائی نہیں رہیں گے۔