حلقہ خیریت آباد کے انتخابی نتائج حیران کن ہونگے : پی وجیہ ریڈی

   

عوام میں موجودہ نمائندوں سے بیزاری ۔ آنجہانی پی جے آر کی خدمات کی یاد تازہ
حیدرآباد 21 نومبر ( سیاست نیوز ) حلقہ اسمبلی خیریت آباد کے عوام اپنے آنجہانی لیڈر پی جناردھن ریڈی کی خدمات کو خراج عقیدت کے طور پر یہاں سے کانگریس امیدوارہ و پی جناردھن ریڈی کی دختر پی وجیہ ریڈی کی کامیابی کیلئے فیصلہ کرچکے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ پی جے آر کی طرح حلقہ میں کوئی ایسا رکن اسمبلی منتخب ہوجائے جو عوام کی آواز بن سکے ۔ ان کا حقیقی نمائندہ بن سکے اور ان کے سکھ دکھ میں حصہ دار بن سکے ۔ حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں کانگریس امیدوارہ پی وجیہ ریڈی کی انتخابی مہم میں بھی تیزی پیدا ہوگئی ہے اور ان کا دعوی ہے کہ خیریت آباد حلقہ کا انتخابی نتیجہ طاقتور اور بڑے قائدین کو حیرت زدہ کردینے والا ہوگا اور اقتدار کے نشہ میں چور ارکان اسمبلی اور دوسرے قائدین عوام کے ووٹ کی طاقت کا اعتراف کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔ وجیہ ریڈی اپنے حلقہ میں پیدل دوروں اور کارنر میٹنگس سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کر رہی ہیں کہ وہ پی جے آر کی دختر ہیں اور پی جے آر کی طرح ہی عوامی خدمت کے جذبہ کے تحت کام کرتی ہیں۔ دو مرتبہ بلدی کارپوریٹر رہتے ہوئے انہوں نے نمایاں خدمات کا ریکارڈ عوام میں پیش کیا ہے اور بحیثیت رکن اسمبلی وہ اعلی سطح پر عوامی مسائل کو حل کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی خیریت آباد کو ریاست کا ایک مثالی اور ترقی یافتہ حلقہ بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گی ۔ جس طرح ان کے والد آنجہانی پی جناردھن ریڈی نے سکیولر اصولوں کے ساتھ ساری سیاسی زندگی گذاری اور عوامی قائد ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا وہ خود بھی انہیں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کے دلوں میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کرینگی ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی برسوں میں حلقہ کی ترقی کو نظر انداز کردیا گیا ۔ عوامی مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ صرف ذاتی اقتدار اور ذاتی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں رہا ۔ اس صورتحال میں حلقہ کے عوام بھی اب اپنے مسائل کو حل کروانے تبدیلی کا حصہ بننے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ وجیہ ریڈی کو اپنے حلقہ میں زبردست عوامی تائید و حمایت مل رہی ہے اور انہیں اپنے والد آنجہانی پی جناردھن ریڈی کی عوامی خدمات کی مثال بھی دی جا رہی ہے ۔ وجیہ ریڈی کا کہنا ہے کہ کانگریس پارٹی ہی ہے جو حلقہ خیریت آباد اور سارے تلنگانہ کو ترقی دلا سکتی ہے ۔