بی آر ایس کے امیدوار نندکشور ویاس کو کامیاب بنانے کے ٹی آر کی اپیل
حیدرآباد۔18۔نومبر(سیاست نیوز ) گوشہ محل حلقہ اسمبلی سے بھارت راشٹرسمیتی کی کامیابی کی صورت میں اس حلقہ کو میں خود گود لوں گا اور اس حلقہ کی ترقی کے لئے درکار بجٹ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیر مسٹر کے ٹی راما راؤ نے حلقہ اسمبلی گوشہ محل میں نند کشور ویاس المعروف نندو بلال کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے روڈ شو سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہو ںنے بتایا کہ حلقہ اسمبلی گوشہ محل کو موجودہ رکن اسمبلی نے یتیم بنادیا ہے اور اس حلقہ اسمبلی کی ترقی کو روکنے والے خود یہاں کے رکن اسمبلی ہیں۔ کے ٹی آر نے روڈ شو کے دوران عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات کے عمل کی تکمیل اور گوشہ محل سے بی آر ایس امیدوار نندو بلال کی کامیابی کے ساتھ ہی حلقہ اسمبلی گوشہ محل کی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ بھارت راشٹرسمیتی امیدوار کی انتخابی مہم کے دوران کے ٹی راما راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی آر ایس کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے حیدرآباد میں گنگا جمنی تہذیب کی مثال قائم کریں۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے فرقہ وارانہ ماحول کو مکدر کرنے والے رکن اسمبلی کو شکست سے دوچار کرتے ہوئے بی آر ایس امیدوار کی کامیابی کو یقینی بنائیں تاکہ شہر حیدرآباد میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضاء برقرار رہے۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ بی آر ایس امیدوار کی کامیابی حلقہ اسمبلی گوشہ محل کی کامیابی کی ضمانت ثابت ہوگی اور اس حلقہ میں ترقی و خوشحالی کے دور کا احیاء عمل میں آئے گا۔ کے ٹی آر کے روڈ شو کے دوران امیدوار نند کشور ویاس اور ان کی دختر پوجا ویاس بھی موجود تھیں۔