واشنگٹن ۔ یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے متحدہ عرب امارات پر میزائلوں اور ڈرون حملوں کے ایک سلسلے کے بعد امریکی فوج متحدہ عرب امارات کے لیے اپنی مدد میں اضافہ کر رہی ہے۔ امریکہ کی سینٹرل کمان کے سربراہ جنرل فرینک میکینزی، جو مشرق وسطی میں امریکی افواج کے امور کے ذمہ دار ہیں، متحدہ عرب امارات کے دفاع کو بڑھانے اور مضبوط بنانے کے لییخود یو اے ای گئے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ خلیج کے اس ملک پر حملے بزنس اور سیاحت کے ایک مرکز کی حیثیت سے اس کی شہرت کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، جہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہوتے ہیں۔ وائس آف امریکہ کے لیے ڈیل گیولک کی رپورٹ کے مطابق جنرل فرینک میکنزی نے متحدہ امارات سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ یمن میں میدان جنگ میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کو ہونے والے نقصانات، متحدہ عرب امارات کے دار الحکومت پر ان حالیہ حملوں کا محرک بنے ہوں، جہاں ایک فوجی اڈے پر امریکی فوجی بھی متعین ہیں۔