اے پی کے تین دارالحکومتوں کی تجویز پر وینکیانائیڈو کا ردعمل
حیدرآباد 25دسمبر(یواین آئی) آندھراپردیش کے تین دارالحکومتوں کی ریاستی حکومت کی تجویز پر نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیانائیڈو نے اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے ۔انہوں نے سورنا بھارتی ٹرسٹ میں میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے کہاکہ حکمرانی ایک ہی مقام سے ہونی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کا دفتر،سرکاری مشنری،ہائیکورٹ،اسمبلی ایک ہی مقام پر ہونے چاہئے ۔یہ تمام ایک ہی مقام پر ہوں گے تو حکمرانی میں آسانی ہوگی۔انہوں نے کہا میں اپنے 42سالہ سیاسی تجربہ کی بنیاد پر یہ بات کہہ رہا ہوں۔تنازعہ کیلئے یا پھر سیاسی نقطہ نظر سے میری رائے کو نہ دیکھا جائے ۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ ترقی کو غیر مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ۔وینکیانائیڈو نے کہا کہ ریاست کی تشکیل کے بعد مرکزی ادارے تمام علاقوں میں قائم کئے گئے ۔انہوں نے ہر ضلع میں مرکزی اداروں کے قیام کے ان کے کارنامے کو یاد کیا جب وہ مرکزی وزیر تھے ۔انہوں نے کہاکہ اس مسئلہ پر گزشتہ روز ریاستی دارالحکومت امراوتی کے کسانوں نے ان سے ملاقات کی تھی۔ان کے جذبات کو میں نے محسوس کیا ہے ۔واضح رہے کہ اے پی حکومت نے ریاست میں تین نئے دارالحکومتوں کی تجویز پیش کی ہے جس کی مخالفت دارلحکومت امراوتی کے کسان شدت کے ساتھ کررہے ہیں اور وہ اس تجویز کے خلاف احتجاج بھی کررہے ہیں۔