ملازمین کی ہڑتال سے مسائل پر امیر حلقہ جماعت اسلامی کا اظہار تشویش
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : ریاست میں پچھلے پانچ دنوں سے جاری آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال اور اس کے سبب عوام کو ہونے والی دشواریوں اور مسائل پر امیر حلقہ جماعت اسلامی تلنگانہ مولانا حامد محمد خاں نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عین تہواروں اور تعطیلات کے موقع پر آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال نے ریاست کی عوام کے لیے بے انتہا مسائل پیدا کردیے ہیں ۔ خانگی سواریوں کے ذریعے سفر کے سبب انہیں ایک طرف تو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور دوسری طرف خانگی سواریوں کے منتظمین کی جانب سے من مانی کرایوں کی وصولی کے سبب عوام پر مالی بوجھ بھی پڑ رہا ہے ۔ سوال یہ ہے کہ آر ٹی سی کو نقصانات کا سامنا کیوں ہے ؟ اس کے ذمہ دار کون ہیں ؟ نقصانات کے اسباب کیا ہیں ؟ حکومت کو ان سوالات پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔ حامد محمد خاں نے حکومت سے خواہش کی ہے کہ وہ اس موقع پر ضد کے بجائے ملازمین کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرے اور عوامی فلاح کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کرے اور ہڑتال کے سبب عوام کو جن دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس سے لوگوں کو نجات دلائیں ۔ امیر حلقہ نے ہڑتال کرنے والے ملازمین اور ان کی انجمنوں سے بھی گزارش کی ہے کہ وہ اپنے جائز مطالبات حکومت کے سامنے ضرور پیش کریں لیکن اس پورے عمل میں محض اپنے فائدے کو ہی پیش نظر نہ رکھیں بلکہ عوام کی سہولت اور ان کی مشکلات کا بھی اندازہ کریں اور کوئی منصفانہ حل کی طرف پیش رفت کریں تاکہ ریاست حمل و نقل کے اس بحران سے نکل سکے ۔۔