پٹنہ، 2دسمبر (یواین آئی) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر رہنما تیجسوی پرساد یادو نے ڈاکٹر پریم کمار کے بہار اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہونے کے بعد منگل کو کہا کہ انہیں امید ہے کہ پریم کمار قواعد و ضوابط کے تحت اور مکمل غیر جانبداری کے ساتھ ایوان کی کارروائی چلائیں گے ۔تیجسوی یادو نے کہا کہ پریم کمار گیان اور موکش کی دھرتی گیا سے آتے ہیں اس لیے ان سے غیر جانبدارانہ طرزِ عمل کی توقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ حکمراں جماعت کے پاس عددی برتری ہے اس لیے بہار اسمبلی اسپیکر کو حزب اختلاف کے حقوق اور اس کے تحفظ پر خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ جمہوری توازن برقرار رہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بھی حکومت کا ہی ایک حصہ ہوتی ہے اور اس کی کسی سے کوئی ذاتی عناد یا دشمنی نہیں ہوتی۔ اپوزیشن کا کام حکومت کی نگرانی کرنا ہے اور اگر حکومت عوامی مفاد سے بھٹکے گی یا کوئی غلطی کرے گی تو اسے آئینہ دکھانے کا کام اپوزیشن پوری مضبوطی سے کرے گی۔ تیجسوی یادو نے ایوان میں اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ان کا واحد مقصد نیا بہاربنانا ہے ۔ایسا بہار جو بے روزگاری، نقل مکانی اور غربت سے آزاد ہو۔ انہوں نے کہا کہ بہار کی ترقی کیلئے اپوزیشن ہر مثبت قدم پر حکومت کا ساتھ دے گی لیکن عوام کے حقوق کا نظر انداز کیا جانا برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہاگٹھ بندھن ایک ذمہ دار اور مؤثر اپوزیشن کا کردار ادا کرے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ اپوزیشن کمزور ہے بہار کی 14 کروڑ عوام کی امیدیں اپوزیشن کے ساتھ وابستہ ہیں۔