حکومت تلنگانہ عوام کی فلاح و بہبود میں مصروف

   

پداپلی میں یوم تاسیس تقریب سے حکومتی مشیر کے وی رمنا چاری کا خطاب

پداپلی۔ عوامی فلاح و بہبود کو اوّلین ترجیح دیتے ہوئے منفرد اسکیمات کے ذریعہ حکومت تلنگانہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ان خیالات کا اظہار تلنگانہ حکومت کے مشیر ڈاکٹر کے۔وی رمنا چاری نے پداپلی کلکٹریٹ میں منعقدہ 7ویں تلنگانہ یوم تاسیس تقریب کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کووڈ-19 کے پس منظر میں رسمی طور پر تلنگانہ یوم تاسیس تقریب منائی گئی۔قبل ازیں ضلع کے ایم پی ڈی او حدود میں واقع شہیدان تلنگانہ کے ستون کو خراج عقیدت پیش کی گئی اور ان کی قربانیوں کی یاد دہانی کی گئی۔ بعد ازاں ایّاپّا سوامی مندر کے قریب واقع تلنگانہ تلّی مجسمہ کو پھولوں کا ہار چڑھاکر خراج عقیدت پیش کی گئی۔مابعد حکومت کے مشیر نے کلکٹریٹ کے حدود میں پریڈ سے سلامی لے کر پرچم کشائی انجام دی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ 60 سالہ عوام کی جدوجہد،شہیدان تلنگانہ کی قربانیوں کے عوض میں تلنگانہ ریاست کا قیام عمل آیا ہے اور مابعد تشکیل تلنگانہ،ریاست نے کئی شعبہ جات میں ترقی حاصل کی ہے۔قیام تلنگانہ کے لئے وزیر اعلیٰ کلواکنٹلاچندراشیکھرراؤ کی زیر قیادت کئی تحریکیں چلائی گئیں جس کے نتیجہ میں 02/جون/ 2014 کے دن ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں آیاہے۔نئی ریاست کی تشکیل کے بعد تحریکی قائد کے سی آرکی زیرقیادت حکومت قائم کر7 سالوں سے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کو اوّلین ترجیح دیتے ہوئے متعدد اسکیمات کو متعارف کر کامیابی سے روبہ عمل لایا گیا. ان ترقیاتی پروگراموں کو مزید کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے نوجوانوں کو آگے آنے کی حکومتی مشیر نے اپیل کی۔اس تقریب میں پداپلی ضلع کلکٹر ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا، رکن اسمبلی پداپلی داسری منوہر ریڈی،ضلع ایڈیشنل کلکٹر لکشمی نارائنا،ایڈیشنل کلکٹر برائے مجالس مقامی کمار دیپک،راماگنڈم میونسپل کمشنر اودئے کمار،ڈی سی پی رویندر،ضلع کتب خانہ چیرمین رگھوویرسنگھ،پداپلی میونسپل چیرپرسن ڈاکٹر ممتا ریڈی،پداپلی آر ڈی او شنکر کمار،ضلعی عہدیداران،کلکٹریٹ عملہ ودیگر نے شرکت کی۔