سری نگر : جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس نے جے کے بینک خدمت سنٹرمالکان کی حالات زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت جموںوکشمیر کے عوام کو پائی پائی کا محتاج بنانے کی مذموم کوششیں کی جارہی ہیں۔پارٹی کے ریاستی ترجمان عمران نبی ڈار نے کہا کہ بھرتی عمل میں غیر اعلانیہ پابندی ،مختلف بہانے بناکر ملازمین اور عارضی ملازمین کی بے دخلی اور نجی سیکٹر کو زمین بوس کرنے کے اقدامات سے صاف ظاہر ہوتا ہے موجودہ حکومت جموں وکشمیر کے عوام کو محتاج بنانے کے مشن پر کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جے کے بینک کیساتھ کام کرنے والے 1200خدمت سینٹروں پر شب خون مارنا حکومت کے عوام کُش اقدامات کی تازہ مثال ہے ۔ یہ 1200خدمت سینٹر مالکان 2009سے بینک کیساتھ منسلک تھے اور اپنے اپنے کنبوں کی کفالت کرتے تھے لیکن موجودہ نظام نے نئے کاروباری نمائندوں کی تقرری عمل میں لاکر ان کی پیٹ پر لات مارنے کا کام کیا ہے ۔