حکومت دہشت گرد ٹھکانوں پر حملوں کا ثبوت پیش کرے : ڈگ وجئے سنگھ

,

   

اندور 2 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ نے آج مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ بالاکوٹ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کا ثبوت پیش کرے ۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کو رہا کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی ۔ یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں دہشت گرد ٹھکانوں پر ائر فورس کی کارروائی پر سوال نہیں کر رہے ہیں لیکن کھلے مقام پر کسی واقعہ کی تصاویر سٹیلائیٹ ٹکنالوجی سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ ایسے میں ہم کو یہ ثبوت پیش کرنا چاہئے ۔ جس طرح سے امریکی حکومت نے اسامہ بن لادن کی ہلاکت پر ثبوت پیش کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے اچھے پڑوسیوں کی مثال پیش کرتے ہوئے ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔