حیدرآباد ۔ 18 نومبر (سیاست نیوز) بی آر ایس پارٹی نوجوانوں کو ان کے حق میں ووٹ دینے کیلئے راضی کرنے کی راہیں تلاش کررہی ہے جو حکومت سے نالاں ہیں۔ تاہم اس کا خاطرخواہ نتیجہ برآمد ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔ یہ بات پارلیمانی انتخابات میں دیکھی گئی جہاں نوجوانوں نے ان کے خاندانوں کو بی آر ایس کے بجائے اپوزیشن کے حق میں ووٹ دینے کی ترغیب دی۔ نوجوان ان کے خاندانوں کو دوسری جماعتوں کو ووٹ دینے کیلئے مائل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بی آر ایس پارٹی نوجوانوں کو یہ تیقن دے رہی ہیکہ امتحانات جلد منعقد کئے جائیں گے اور ایک جاب کیلنڈر جاری کیا جائے گا۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہیکہ یہ طبقہ ہمارے خلاف ہے لیکن انہیں یہ سمجھنے کی بھی ضرورت ہیکہ ہم اس تعلق سے قدرے کام کرسکتے ہیں کیونکہ اس میں عدالت میں مقدمات ہیں یا اپوزیشن ملتوی کرنے پر زور دے رہی ہے۔ دراصل ہم نے ہی پرچہ افشا کیس کو ظاہر کیا نہ کہ اپوزیشن میں سے کسی نے۔ کانگریس اس کے منشور میں جاب کیلنڈر جاری کرنے کی بات کی ہے اس لئے اب بی آر ایس فکرمند ہے۔ بی آر ایس نے اس کے منشور میں نوجوانوں کیلئے بیروزگاری الاونس دینے کا اعلان نہیں کیا اور نہ ہی کسی چیز کا اعلان کیا ہے۔ نوجوانوں کو نظرانداز کرنا اس کیلئے مہنگا ثابت ہوسکتا ہے۔
وزیر آئی ٹی کے ٹی راماراؤ یہ کہہ رہے ہیں کہ انہیں اقتدار حاصل ہوتے ہی جاب کیلنڈر کا اعلان کیا جائے گا۔ حال میں انہوں نے کہا کہ ان تمام امتحانات کو جنہیں ملتوی یا منسوخ کیا گیا ہے جلد منعقد کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس کے فوری بعد ہم ریگولر جاب کیلنڈر جاری کریں گے۔