حکومت سے کلین اینڈ گرین انرجی پالیسی کا اعلان : ڈپٹی چیف منسٹر

   

خواتین کو 1000 میگاواٹ سولار برقی پیداوار کرنے کی ذمہ داری دی جارہی ہے
حیدرآباد۔ 17 مارچ (سیاست نیوز) ریاستی وزیر برقی و ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے کلین اینڈ گرین انرجی پالیسی 2025 کا اعلان کردیا ہے۔ اس کے لئے 11 جنوری کو جی او ایم ایس نمبر 2 بھی جاری کردیا ہے۔ حکومت خواتین کو خود مکتفی بنانے کے لئے 1000 میگاواٹ برقی پیدا کرنے کی انہیں ذمہ داری دے رہی ہے۔ اگر بیروزگار نوجوان آگے آتے ہیں تو انہیں چارجنگ پوائنٹس لگانے کی ذمہ داری دی جائے گی۔ آج تلنگانہ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران کانگریس کے ارکان بی مہیش کمار گوڑ، بی وینکٹ کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ 2020 تک ریاست میں رینبول پالیسی نہیں تھی کانگریس حکومت میں آنے کے بعد برقی پیداوار اور بالخصوص برقی کے متبادل پیداوار پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔ سرکاری خالی اراضیات، انڈومینٹ کی خالی اراضیات کے علاوہ دیگر محکمہ جات کی خالی اراضیات پر سولار پلانٹس قائم کئے جائیں گے۔ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے خواتین کو اراضیات لیز پر دی جائیں گی۔ خواتین کی تیار کردہ برقی حکومت خریدے گی۔ اس کے علاوہ بیروزگار نوجوانوں کو بھی خود روزگار فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ اگر چارجنگ پوائنٹ لگانے میں نوجوان دلچسپی دکھاتے ہیں تو حکومت ان سے مکمل تعاون و اشتراک کرے گی۔ شہر میں بڑھتی ہوئی آلودگی پر قابو پانے کے لئے حکومت کی جانب سے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ دہلی کی آلودگی کو دیکھتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ شہر حیدرآباد کو آلودگی سے پاک بنانے کے لئے الیکٹرک بسوں کو متعارف کرایا جارہا ہے۔ شہر میں سولار آٹوز کی مکمل حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ آلودگی پھیلانے والی صنعتوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ متبادل برقی پیداوار تیار کرنے حکومت کی جاری کردہ پالیسی پر کئی خانگی ادارے مثبت ردعمل کا اظہار کررہے ہیں۔ 2