حکومت مسلسل عوام کی جیب کاٹ رہی ہے : سیلجا

   

چندی گڑھ: کانگریس کی جنرل سکریٹری اور سرسا کی رکن پارلیمنٹ کماری سیلجا نے جمعہ کو ہریانہ حکومت کے کوڑا اٹھانے کی فیس عائد کرنے کے حکم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو راحت دینے کے بجائے مسلسل عوام کی جیب کاٹنے میں مصروف ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نایب سنگھ سینی حکومت نے اس سلسلے میں ریاست کی تمام میونسپلٹیوں، میونسپل کونسلوں اور میونسپل کارپوریشنوں کو خط لکھا ہے اور کوڑا اٹھانے کی فیس کی وصولی مالی سال 2025-26 سے کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ڈیڑھ سال قبل یہ فیس شاید انتخابات کے پیش نظر روک دی تھی لیکن اب دوبارہ شروع کرنے جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپریل کے مہینے میں نوراتری کے دوران حکومت کی طرف سے عوام کو دیا جانے والا یہ تیسرا دھچکا ہے ۔ پہلے ٹول ٹیکس بڑھا کر ڈرائیوروں کی کمر توڑ دی، پھر بجلی کے نرخ بڑھا دیے ۔انہوں نے کہا کہ فیس 60 روپے سے 60 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے ۔ یہ فیس پراپرٹی ٹیکس کے ساتھ شامل کی جائے گی۔ حکومت نے رہائشی مکانات کی سالانہ فیس 60 سے 1200 روپے مقرر کی ہے ۔