نئی دہلی : ایوان بالا راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ آسمان چھوتی مہنگائی سے عام آدمی پریشان ہے اور کانگریس نے ایوان میں اس معاملے پر بحث کرانے کے لئے تحریک التواپیش کردی ہے لیکن حکومت نے اسے مسترد کردیا ہے ۔ کھرگے نے پیر کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس کے باہر میڈیاکو بتایا کہ مہنگائی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے اور کانگریس حکومت سے ایوان میں اس معاملے پر بحث کرانے کی اپیل کررہی ہے لیکن ان کا مطالبہ مسترد کردیا گیا ہے ۔ حکومت مہنگائی پر بحث سے بھاگ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس مہنگائی کے معاملے پر اپنا احتجاج جاری رکھے گی یہاں تک کہ اگر ایوان میں ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے ۔کانگریس قائد نے کہا کہ عوام مہنگائی سے دوچار ہے اور اپوزیشن عوام کے مسئلے کو اس معاملے پر ایوان میں رکھنا چاہتی ہے لیکن حکومت نے اس پر بات کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ اپوزیشن ملک کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو ایوان میں رکھنا اور حکومت کو اس سے آگاہ کرنا چاہتی ہے ، لہذا حکومت کانگریس کے مطالبے کو قبول کرتے ہوئے ، کانگریس کو ایوان میں مہنگائی پر تبادلہ خیال کرنے کی اجازت دے ۔انہوں نے کہا کہ پٹرول ، ڈیزل اور ایل پی جی کی قیمتیں عام لوگوں کی پہنچ سے باہر ہے ۔ اجولا اسکیم کے تحت غریبوں کو رسوئی گیس کے سلنڈر دینے کی بات کرنے والی مودی حکومت ہر روز رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کررہی ہے ، جو گھریلو بجٹ کو بگاڑ رہی ہے ۔ مہنگے پٹرول اور ڈیزل کی وجہ سے تمام ضروری اشیاء کی قیمتوں میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اور اس مہنگائی کی وجہ سے عوام میں زبردست غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔