حیدرآباد۔ 5 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلگودیشم پولٹ بیورو رکن آر چندر شیکھر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں پیاز اور دیگر غذائی اجناس کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوچکا ہے لیکن حکومت کو عوام پر پڑنے والے بوجھ کی کوئی فکر نہیں ہے۔ ریاست میں پیاز کی قیمت 180 روپئے کیلو تک پہنچ چکی ہے جو تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے۔ غریب اور متوسط خاندان پیاز کے استعمال سے قاصر ہیں اور بڑھتی قیمتوں کے نتیجہ میں معاشی بحران سے دوچار ہیں۔ تلگودیشم پارٹی دور حکومت میں ناسک سے پیاز منتقل کرتے ہوئے قیمتوں پر قابو پایا گیا تھا۔ محکمہ سیول سپلائز کے ذریعہ پیاز اور غذائی اجناس سربراہ کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ قیمتوں پر قابو پانے کے لیے خصوصی فنڈس مختص کرے تاکہ عوام کو رعایتی شرح پر سربراہی یقینی ہو۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم دور حکومت میں کسانوں کو پیداواری اشیاء کی بہتر امدادی قیمت کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا تھا۔ انہوں نے پیاز اور غذائی اجناس کی قیمتوں میں اضافے کے لیے مرکز اور ریاست کو یکساں طور پر ذمہ دار قرار دیا۔ چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ حکومت کی عدم نگرانی اور لاپرواہی کے نتیجہ میں تاجرین پیاز اور دیگر اشیاء کی ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکٹنگ میں ملوث ہے۔ حکومت کو فوری چوکسی اختیار کرتے ہوئے قیمتوں پر قابو پانا چاہئے۔