حیدرآباد21مئی(یواین آئی) دنیا بھر سے مختلف ممالک کی حسینائیں مس ورلڈ 2025 مقابلوں کے لئے ان دنوں حیدرآباد میں ہیں۔ ان بین الاقوامی مہمانوں کے ذوق کا خیال رکھتے ہوئے شیف حضرات کے مطابق، زیادہ ترحسینائیں حیدرآبادی بریانی کے ساتھ ساتھ مچھلی کا پلسو (فش کاری) کو خاص طور پر پسند کر رہی ہیں اور بار بار آرڈر کر رہی ہیں۔ وہ ہندوستانی روایتی کھانوں جیسے پپّو چارو (دال کا شوربہ)، پچھی پلسو (تازہ کاری)، مچھلی پلسو، چکن فرائی، اور مٹن قیمہ کو مغربی کھانوں پر ترجیح دے رہی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہاتھ سے بنی ہوئی پیزا بھی خوب پسند کی جا رہی ہے ۔کچھ حسیناؤں نے تو واضح طور پر کہا ہے کہ وہ کم مرچ والے کھانے چاہتی ہیں۔ٹرائیڈنٹ ہوٹل کے جنرل منیجر گورو کمار نے بتایا کہ روزانہ 40 ماہر شیف حضرات 24گھنٹے خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ یہ تمام شیف بین الاقوامی کھانوں کے ماہر ہیں اور کسی بھی وقت، کسی بھی کھانے کو فوراً تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مینو میں روزانہ تبدیلیاں کی جا رہی ہیں تاکہ ہر دن کچھ نیا اور دلچسپ پیش کیا جا سکے۔ حسینائیں خاص طور پر حیدرآبادی بریانی کو بے حد پسند کر رہی ہیں۔بریانی ان کی پہلی پسند بن گئی ہے اور ہوٹل انتظامیہ اس بات کا خاص خیال رکھ رہی ہے کہ کھانے نہ صرف مزیدار بلکہ تازہ اور اعلیٰ معیار کے ہوں۔