حیدرآباد 25 جون (سیاست نیوز) حیدرآباد کی ایک 19 سالہ طالبہ سیدہ نورالزین کو ’’ہیلت آف یوتھ۔ ویلتھ آف نیشن‘‘ ٹائٹل کے G-20 کو ۔ برانڈیڈ ایونٹ میں حصہ لینے کا اعزاز حاصل ہوا۔ مختلف شراکت دار وزارتوں کے تعاون و اشتراک سے حکومت ہند کے زیراہتمام یہ ایونٹ 20 جون کو نئی دہلی میں جے ڈبلیو مارئیٹ ایروسٹی میں منعقد ہوا۔ اس ایونٹ کا اصل مقصد نوجوان لوگوں کی صحت اور بہتری کی اہمیت و افادیت پر زور دینا اور اس شعبہ میں زیادہ سرمایہ کاری کی وکالت کرنا تھا۔ اس ایونٹ میں شرکت کے لئے نورالزین کو یونیسف انڈیا کی جانب سے شراکت دار تنظیموں کے دیگر دو نوجوان نمائندوں کے ساتھ نامزد کیا گیا تاکہ دنیا بھر کے 1.8 بلین نوجوانوں کی اُمنگوں، ضرورتوں اور توقعات کی نمائندگی کی جائے۔ اس ایونٹ میں صحت کے مختلف شعبوں کے ماہرین جیسے ڈاکٹر پراتیما مورتی، ڈاکٹر فلاویا بسٹریو، ڈاکٹر ونود کے پال بھی موجود تھے۔ اس میں نورالزین کو مختلف ہندوستانی ریاستوں کے نوجوان مندوبین اور بین الاقوامی مندوبین بشمول مسز انڈریا وجنار، گاریتھ جونس، کارل ماسن، توقا الباکری اور شیتنشو ڈھاکلی کے ساتھ بات چیت کرنے کا موقع ملا۔ اس ایونٹ میں انھوں نے ان کے رول ماڈل نیوزی لینڈ کی سابق وزیراعظم ہیلن کلارک اور دیگر بین الاقوامی معززین سے ملاقات کی۔