گاندھی بھون میں کیک کاٹا گیا اور کٹ آؤٹ کو دودھ سے نہلایا گیا، مہیش کمار گوڑ کی چیف منسٹر کو مبارکباد
حیدرآباد ۔8۔نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی سالگرہ کے موقع پر حیدرآباد اور اضلاع میں کانگریس قائدین اور کارکنوں کی جانب سے کئی پروگرامس منعقد کئے گئے ۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، سریدھر بابو اور دوسروں نے آج صبح چیف منسٹر سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی اور سالگرہ کی مباکباد پیش کی۔ کانگریس ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں ریونت ریڈی کی سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹا گیا ۔ فارمرس کمیشن کے صدرنشین کودنڈا ریڈی ، فشر مین کارپوریشن کے صدرنشین سائی کمار نے اس پروگرام کا اہتمام کیا تھا ۔ اسکولی طلبہ کثیر تعداد میں شریک ہوئے جو ریونت ریڈی کا ماسک پہنے ہوئے تھے ۔ گاندھی بھون میں یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کی جانب سے چیف منسٹر کی سالگرہ تقریب منائی گئی ۔ قائدین نے کیک کاٹا اور ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی ۔ یوتھ کانگریس کارکنوں کی جانب سے ریونت ریڈی کے 40 فٹ طویل کٹ آؤٹ کو دودھ سے نہلایا گیا۔ گریٹر حیدرآباد یوتھ کانگریس کے صدر ایم روہت کی جانب سے چیف منسٹر کی سالگرہ تقریب منعقد کی گئی تھی۔ سالگرہ کے موقع پر کانگریس قائدین کی جانب سے سرکاری دواخانوں کے مریضوں میں پھل تقسیم کئے گئے ۔ شہر کے علاوہ اضلاع میں بھی چیف منسٹر کی سالگرہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا ۔ 1