دبئی۔ آئی پی ایل کی پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نچلے مقام کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کو ٹورنمنٹ میں برقرار رہنے کے لئے جمعرات کو سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف میچ میں یقینی جیت درج کرنی ہو گی۔پنجاب کی ٹیم پانچ میچوں میں صرف ایک کامیابی اور چار شکستوں کے ساتھ ٹیبل میں آٹھویں اور آخری نمبر پر ہے ۔ ایک اور شکست سے پلے آف میں جانے کی پنجاب کی امیدوں کو دھکا لگ سکتا ہے ۔ دوسری جانب حیدرآباد پانچ میچوں میں دو فتوحات اور تین شکست کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے ۔ حیدرآباد کی صورتحال بھی زیادہ اچھی نہیں ہے اور اس کے لئے بھی یہ میچ جیتنا بہت ضروری ہے ۔ ممبئی انڈینز نے حیدرآباد کو34 رنز سے شکست دی تھی جبکہ چینائی سوپرکنگز نے پنجاب کو10 وکٹوں سے شکست دی تھی ۔حیدرآباد کے خلاف ممبئی نے پچھلے میچ میں208 رنزکا بڑا اسکور بنایا تھا لیکن حیدرآباد کی ٹیم سات وکٹوں پر174 رنز بنا سکی۔ فاسٹ بولر بھونیشور کمار کے ٹورنمنٹ سے باہر ہونے کے بعد حیدرآباد کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے ۔ حیدرآباد نے آندھرا پردیش کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر پرتھوی راج یاراکو بھونیشور کی جگہ ٹیم میں شامل کیا ہے ۔حیدرآباد کے لئے آخری میچ میں کپتان ڈیوڈ وارنر نے سب سے زیادہ اسکور60 رنز، جانی بیئرسٹو نے25 اورمنیش پانڈے نے30 رنز بنائے جبکہ کین ولیمسن تین اور پریم گرگ پانچ رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور اس ناکامی کا ٹیم کو بڑا نقصان برداشت کرنا پڑا ۔ ابھیشیک شرما10 اور عبد الصمد20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ ایک وقت10 ویں اوورمیں حیدرآباد کی ٹیم ایک وکٹ پر94 رنز بنا کر اچھے موقف میں تھی لیکن اس کے بعد ان کی اننگز تاش کے پتوں کی طرح بکھیر گئی۔
فرنچ اوپن میں بھی میچ فکسنگ !
پیرس۔کرکٹ اور کئی دیگر کھیلوں میں میچ فکسنگ اور ڈوپنگ کے واقعات کے بعد اب ٹینس کے کھیل میں بھی مبینہ طور پر میچ فکسنگ کی جانے لگی ہے ۔ فرانسیسی دفتر استغاثہ نے فرنچ اوپن میں میچ فکسنگ کی باقاعدہ چھان بین شروع کر دی ہے ۔پیرس سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق اس میچ فکسنگ کا شبہ ایک ایسے مقابلے کے حوالے سے کیا جا رہا ہے جو ٹینس کے گرانڈ سلام مقابلوں میں شمار ہونے والے فرنچ اوپن ٹورنمنٹ کا خواتین کا ایک ڈبلز مقابلہ تھا۔