حیدرآباد میٹرو اسٹیشن، رات کے وقت خواتین غیر محفوظ

   

طالبات کا چونکادینے والا سروے، 410 کے منجملہ 110 خواتین نے جنسی ہراسانی کی شکایت کی
اتھیمس بزنس اسکول نے رپورٹ جاری کی، این وی ایس ریڈی، شیکھا گوئل نے حفاظتی اقدامات کرنے کا وعدہ کیا
حیدرآباد۔ 17 ستمبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کی دھڑکن سمجھی جانے والی حیدرآباد میٹرو ریل روزانہ 4.80 لاکھ مسافروں کو منزل تک پہنچاتی ہے۔ جدید سہولتوں اور محفوظ سفر کے دعوؤں کے باوجود خواتین مسافروں کے تجربات ایک مختلف تصویر پیش کررہی ہیں۔ اتھیمس بزنس اسکول کے طلبہ نے 15 دنوں تک حیدرآباد کے مختلف اسٹیشنس پر خواتین کی رائے حاصل کی جو چونکا دینے والی ثابت ہوئی۔ رات کے وقت ٹرین کی کوچس میں ناقص لائٹنگ، عملے کی نگرانی کی کمی اور اسٹیشنس کے قریب ہراسانی کے واقعات نے یہ واضح کردیا کہ خواتین کی حفاظت کے معاملے میں اب بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ طلبہ آمنہ بیگم، خدیجۃ الکبریٰ، ترون ریڈی اور سکھ جوت سنگھ نے یہ رپورٹ تیار کی جو اتھیمس بزنس اسکول کے صدر نشین کالی پرساد نے جاری کی۔ اس رپورٹ کو حیدرآباد میٹرو ریل کے مینیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی اور تلنگانہ ویمنس سیفٹی ڈپارٹمنٹ کی ڈائرکٹر جنرل شیکھا گوئل کو پیش کی گئی۔ یہ سروے صبح 9 بجے سے رات 10 بجے تک شہر کے اہم اسٹیشنس رائے درگم، جوبلی ہلز، روڈ نمبر 5، پنجہ گٹہ، ارم منزل، پیراڈائیز، سکندرآباد ایسٹ، اُپل، ناگول کے علاوہ دیگر اسٹیشنس پر کیا گیا جملہ 410 خاتون مسافرین سے بات چیت کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق 110 خواتین نے انکشاف کیا کہ انہیں میٹرو اسٹیشنس کے قریب جنسی ہراسانی کا سامنا ہوا ہے۔ مزید یہ کہ خواتین میں ٹی سیف ایپ اور ہیلپ لائن کے بارے میں آگاہی نہایت کم ہے۔ صرف 120 خاتون مسافرین نے ان سہولتوں کے استعمال کی تصدیق کی۔ حیدرآباد کی میٹرو ٹرین مجموعی طور پر دنیا کے 247 اور ملک کے 15 شہروں کے میٹرو ٹرینوں کے مقابلے زیادہ محفوظ مانی جاتی ہے لیکن طالبات کے سروے نے کئی اہم سوالات کو جنم دیا ہے۔ ناقص لائیٹنگ کو درست کرنا، عملے کی نگرانی کو بڑھانا، ہراسانی کے واقعات پر فوری توجہ دینا اور ٹی سیف ایپ و ہیلپ لائن کی موثر تشہیر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اگر یہ اقدامات بروقت اختیار کئے جائے تو میٹرو خواتین کے لئے نہ صرف سفری سہولت بلکہ اعتماد اور تحفظ کی علامت بھی بن سکتی ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے باوجود نگرانی کا فقدان سب سے بڑی کمزوری ہے۔ 110 خواتین نے ہراسانی کی شکایت کی یہ محض صرف اعداد و شمار نہیں بلکہ خطرے کی گھنٹی ہے۔ تحفظ انفرااسٹرکچر اسکول کی طالبات کی رپورٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے این وی ایس ریڈی نے کہا کہ سروے میں دی گئی سفارشات کی بنیاد پر خواتین مسافروں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ حفاظتی اقدامات کو بہتر بنایا جائے گا۔ شیکھا گوئل نے بتایا کہ بزنس اسکول کی طالبات کے سروے رپورٹ سے انہیں بہت سی معلومات ہوئی ہیں۔ وہ اس بات کو یقینی بنانے کی پوری کوشش کریں گی کہ ہر خاتون وقار اور اعتماد کے ساتھ میٹرو ریل میں سفرکریں۔ 2