حیدرآباد میں آرٹیفشل انٹلیجنس سنٹر آف اکسلینس کا قیام

   

آسٹریلیا کی ڈیکن یونیورسٹی سے تلنگانہ حکومت کا معاہدہ، ریاستی وزیر سریدھر بابو کا انکشاف
حیدرآباد ۔ 5۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے آسٹریلیا کی ڈیکن یونیورسٹی کے اشتراک سے حیدرآباد میں آرٹیفشل انٹلیجنس سنٹر اف ایکسلینس کے قیام کا معاہدہ کیا ہے ۔ اڈوانسڈ آرٹیفشل انٹلیجنس کی صلاحیتوں کے ساتھ یہ ملک کا پہلا اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر رہے گا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آسٹریلیا کے وزیر برائے انٹرنیشنل ایجوکیشن جولین ہل اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے یادداشت مفاہمت کا اعلان کیا۔ دونوں وزراء نے معاہدہ کی تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ سنٹر آف ایکسلینس مجوزہ آرٹیفشل انٹلیجنس یونیورسٹی فیوچر سٹی میں قائم کیا جائے گا ۔ ڈیکن یونیورسٹی کے اپلائیڈ آرٹیفشل انٹلیجنس انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے تلنگانہ حکومت کے اشتراک سے سنٹر آف ایکسلینس قائم کیا جائے گا ۔ اس معاہدہ کا مقصد عالمی معیار کی صلاحیتوں سے آراستہ گریجویٹس کو تیار کرنا ہے۔ آسٹریلیا کی حکومت تعلیم اور دیگر شعبہ میں تعاون کا منصوبہ رکھتی ہے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ بین الاقوامی یونیورسٹی کی سرگرمیوں کو تلنگانہ میں توسیع دینے کے مقصد سے معاہدات کا سلسلہ جاری ہے۔ نئے سنٹر کے قیام سے مختلف شعبہ جات میں اڈوانسڈ ریسرچ میں مدد ملے گی۔ گورننس ، ہیلت کیر ایجوکیشن ، آئی ٹی ، لائیف سائنسیس ، اگریکلچر ، منرل اور دیگر شعبہ جات میں ریسرچ کیا جاسکتا ہے ۔ سریدھر بابو نے اپنے حالیہ دورہ آسٹریلیا کے موقع پر ڈیکن یونیورسٹی کو حیدرآباد میں کیمپس کے قیام کی دعوت دی تھی۔ معاہدہ کے موقع پر تلنگانہ حکومت کے مشیر آئی ٹی سائی کرشنا ، آسٹریلین یونیورسٹی کے نمائندہ کیم گرین ، کیرین سینڈر کوک، نیتھانیل ویب، اسٹیون بڈلے ، ہلاری نیک گیچی وکرم سنگھ اور آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے سریکانت لنکا موجود تھے۔1