احتیاطی اقدامات کے ساتھ 25 فیصد بسیں چلائی گئیں ، شہریوں کو راحت
حیدرآباد۔شہر حیدرآباد میں لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس کی وباء کے دوران بند کی گئی آر ٹی سی بسوں کی خدمات کا آج آغاز کردیا گیا لیکن شہرحیدر آباد میں چلائی جانے والی جملہ 3200 بسوں میں صرف 25فیصد بسوں کے ساتھ خدمات کا آغاز کیا گیا ۔ شہر حیدرآباد میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے ساتھ ہی بس خدمات کو معطل کردیا گیا تھا لیکن ریاستی حکومت کی جانب سے اضلاع کی خدمات کو بحال کرنے کے بعد بتدریج شہر میں خدمات کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا دو یوم قبل حکومت نے طویل مسافتی بسوں کو بحال کرنے کے اقدامات کئے تھے اور آج شہر کے بیشتر تمام ڈپو سے 25فیصد بسوں کے ذریعہ حمل و نقل کا آغاز کردیا گیا۔ آرٹی سی حکام نے بتایا کہ شہر میں بس خدمات کے آغاز کے لئے جو احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں ان سے عوام اور ملازمین مطمئن ہیں کیونکہ تمام بسوں کو ڈپو سے نکالنے سے قبل صفائی کے علاوہ ڈپو پہنچنے پر ان کی صفائی کے انتظامات کئے گئے ہیں اور بسوں کی صفائی کے سلسلہ میں تمام تر تفصیلات کا اندراج کیا جا رہاہے۔ دونوں شہروں میں بس خدمات کے آغاز کے ساتھ ہی بس مسافرین نے راحت کی سانس لی ہے کیونکہ بس خدمات سے استفادہ کرنے والوں کی بڑی تعداد بسوں کی معطلی کے سبب مشکلات کا سامنا کررہی تھی ۔ شہر حیدرآباد میں 25فیصد بسوں کے ذریعہ آر ٹی سی خدمات کے آغاز کے ساتھ شہر کے بیشتر بس اسٹاپس پر عوام کو اپنی بسوں کے لئے منتظر دیکھا گیا لیکن محدود تعداد میں بسوں کے آغاز کے سبب عوام کو اپنی منزل مقصود تک پہنچنے کیلئے بس کا طویل انتظار کرنا پڑا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بسوں میں سفر کرنے والوں کی تعداد اور مسافرین کے اعتماد کا جائزہ لینے کے بعد مزید بسوں کو بتدریج سڑک پر لایا جائے گا اور جب مکمل طور پر بسیں چلائی جانے لگیں گی تو شہر حیدرآباد میں بس مسافرین کو بسوں کیلئے انتظار کرنا نہیں پڑے گا بلکہ بس خدمات معمول کے مطابق شروع ہوجائیں گی۔ بس مسافرین نے آج بس خدمات کے احیاء کے ساتھ ہی اس سے استفادہ حاصل کرنا شروع کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ چند یوم کے دوران بس مسافرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ کے امکانات ہیں۔آرٹی سی کی جانب سے بس مسافرین کے علاوہ عملہ کے لئے کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر عمل آوری کو یقینی بنایا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ شہر حیدرآباد میں بس میں سوار ہونے والوں کو ماسک کے لزوم کی پابندی کرنی ہوگی۔